حیدرآباد :۔ تعمیراتی مقامات سے ڈرا دھمکا کر ڈاکہ ڈالنے والی ایک بین ریاستی ڈاکوؤں کی ٹولی کو سائبر آباد پولیس نے بے نقاب کردیا اور 11 افراد کو گرفتار کرلیا ۔ جن میں 2 افراد ڈکیتی کا سامان خریدا کرتے تھے۔ پولیس نے اس ٹولی کے قبضہ سے ہتھیار اور ایک پستول بھی ضبط کرلیا ۔ یہ بات کمشنر پولیس سائبر آباد مسٹر وی سی سجنار نے بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ مللم پیٹ علاقہ میں پیش آئے واقعہ کے بعد سائبر آباد پولیس کے تینوں زونس اور ایس ٹی ایف کو چوکس کردیا گیا تھا اور پولیس نے اس ٹولی کو بے نقاب کیا ۔ ان کے قبضہ سے 55 لاکھ روپئے مالیتی جائیداد ضبط کرلی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ 27 سالہ پردیپ کھشوا ساکن کلور متوطن راجستھان ، 23 سالہ کلدیپ 29 سالہ مادھو سنگھ ، 32 سالہ دھرمیندر سنگھ ساکنان راجستھان 22 سالہ نکھل سنگھ 22 سالہ شیلندر سنگھ ساکنان آگرہ ، 21 سالہ سنجے ساکن راجستھان 26 سالہ دھرمیندر سنگھ اور 23 سالہ ستیہ بھن سنگھ ساکنان آگرہ کو گرفتار کرلیا ۔ جب کہ پولیس نے ان ڈاکوؤں کی جانب سے سرقہ کئے گئے اشیاء کو خریدنے والے دو افراد 25 سالہ منیش کمار ساکن کنڈاپور متوطن راجستھان اور 35 سالہ جی وجئے کمار ساکن حفیظ پیٹ متوطن محبوب نگر کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس کمشنر نے بتایا کہ اس ٹولی کا اصل سرغنہ پردیپ کٹوا ہے ۔ اس نے منصوبہ بند طریقہ سے ایک ٹولی تشکیل دی جو حیدرآباد کے اطراف جاری تعمیراتی کے مقامات کو نشانہ بناتے تھے ۔ تعمیراتی مقامات پر کام اور نوکری کے بہانے پہونچتے اور اسٹور روم و دیگر مقامات جہاں سامان رہتا تھا اس کا جائزہ لیا کرتے تھے ۔ رات 11 تا 3 بجے کے درمیان یہ ٹولی واردات انجام دیا کرتی تھی ۔ کنسٹرکشن سائیٹس پر سیکوریٹی عملہ کو ڈرا دھمکا کر انھیں مار پیٹ کا نشانہ بناتے ہوئے ساز و سامان لوٹ لیا جاتا تھا ۔ راجستھان اور آگرہ علاقہ سے وابستہ افراد نے ٹولی کی شکل اختیار کی تھی ۔ پردیپ کھشوا نے دہلی میں ملاقات کرنے والوں کو ایک جگہ جمع کیا اور ڈکیتی کی وارداتوں کا منصوبہ بنایا ۔ اس ٹولی کے اراکین کی ملاقات دہلی میں ہوئی تھی ۔ پردیپ جوکلور میں رہتا تھا ۔ سازش تیار کرنے کے بعد ان افراد کو طلب کرتا تھا اور واردات انجام دینے کے بعد یہ ٹولی اپنے مقامات کو لوٹ جاتی تھی ۔ اس ٹولی نے آخری واردات 6 جنوری کو مللم پیٹ علاقہ میں انجام دی تھی جس کے بعد پولیس نے چوکسی اختیار کی ۔ سائبر آباد کے تینوں زونس کو چوکس کیا گیا ۔ اور ڈی سی پی شمس آباد پرکاش ریڈی کو اس کی ذمہ داری دی گئی اور ایس ٹی ایف کو بھی اس مشن کیلئے استعمال کیا گیا ۔ ڈنڈیگل ، شنکر پلی ، مللم پیٹ ، آر سی پورم ، کللور کے علاقوں میں اس ٹولی نے وارداتیں انجام دیں ۔۔