تلنگانہ بجٹ کی پیشکشی میں تاخیر کا امکان، محکمہ جات سے تجاویز عدم موصول

   

پنچایت راج اور ایم ایل سی چناؤ پر حکومت کی توجہ، بھٹی وکرامارکا عنقریب عہدیداروں سے مشاورت کریں گے
حیدرآباد۔/9 فروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں بجٹ 2025-26 کی پیشکشی میں تاخیر کا امکان ہے کیونکہ سرکاری محکمہ جات سے بجٹ تجاویز کے حصول کا مرحلہ مکمل نہیں ہوا ہے۔ عام طور پر یہ روایت رہی ہے کہ تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کا بجٹ سیشن فروری میں طلب کیا جاتا ہے اور اُسی ماہ بجٹ کی پیشکشی عمل میں آتی ہے تاہم جاریہ سال فروری کے بجائے مارچ میں بجٹ کی پیشکشی کی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق حکومت ایم ایل سی کی تین نشستوں کے انتخابات اور مجالس مقامی چناؤ کی مصروفیات کے پیش نظر بجٹ سیشن کو موخر کرنے پر غور کررہی ہے۔ حکومت 15 فروری کے بعد پنچایت راج اداروں کے چناؤ کا نوٹفکیشن جاری کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے اس سلسلہ میں اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ ٹیچرس زمرہ کی 2 اور گریجویٹ زمرہ کی ایک ایم ایل سی نشست کیلئے 27 فروری کو رائے دہی مقرر ہے۔ کانگریس پارٹی تین ایم ایل سی نشستوں پر کامیابی کی حکمت عملی تیار کررہی ہے۔ گریجویٹ نشست کیلئے کریم نگر سے تعلق رکھنے والے نریندر ریڈی کی امیدواری کا اعلان کیا گیا جبکہ ٹیچرس زمرہ کی دونوں نشستوں پر بائیں بازو جماعتوں کی ٹیچرس تنظیموں کی تائید کی جاسکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر ریونت ریڈی نے بجٹ اجلاس کے مسئلہ پر ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا سے مشاورت کی جو وزیر فینانس بھی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ مارچ کے دوسرے یا تیسرے ہفتہ میں بجٹ اجلاس طلب کیا جائے گا۔ سرکاری محکمہ جات سے بجٹ تجاویز کے حصول میں تاخیر کے نتیجہ میں محکمہ فینانس بجٹ کو قطعیت دینے سے قاصر ہے۔ وزیر فینانس بھٹی وکرامارکا عنقریب محکمہ جات کے پرنسپل سکریٹریز سے اجلاس طلب کرکے بجٹ کی تیاری کا جائزہ لینگے ۔ تلنگانہ حکومت کی ایک سال کی تکمیل کے بعد ریونت ریڈی مجالس مقامی اور ایم ایل سی نشستوں پر کامیابی کی تیاری کررہے ہیں تاکہ ان کا موقف مستحکم ہو۔ محکمہ فینانس کے مطابق بجٹ کی تیاری کے ابتدائی مرحلہ کا آغاز ہوچکا ہے اور وزیر فینانس کے جائزہ اجلاس کے بعد باقاعدہ تیاری شروع کردی جائیگی۔ حکومت نے گذشتہ سال جولائی میں 2024-25 کا بجٹ پیش کیا تھا جو 2.91 لاکھ کروڑ پر مبنی تھا جبکہ بی آر ایس نے 2023-24 میں 2.9 لاکھ کروڑ پر مبنی بجٹ پیش کیا تھا۔1