تلنگانہ میں 31 اضلاع کے 365 منڈلس خشک سالی کا شکار

   

111 منڈل شدید اور 254 متوسط خشک سالی کی لپیٹ میں جی او ایم ایس نمبر 3 جاری
حیدرآباد۔ 28 اکتوبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں موسمیاتی تبدیلیوں اور بارش کی کمی کے باعث پیدا ہونے والی تشویشناک صورتحال کے بعد حکومت نے ریاست کے 31 اضلاع کے 365 منڈلس کو خشک سالی سے متاثرہ قرار دے دیا۔ محکمہ ڈیزاسٹر مینیجمنٹ کی جانب سے ریاستی چیف سکریٹری سنجے جاجو نے اس سلسلے میں جی او ایم ایس نمبر 3 جاری کیا ہے۔ ریاست تلنگانہ کے 118 اضلاع میں واقع 111 منڈلس کو شدید ترین خشک سالی کی لپیٹ میں ہیں۔ اس کے علاوہ 27 اضلاع کے 254 منڈلس متوسط یا معتدل خشک سالی کا شکار ہیں۔ چیف سکریٹری سنجے جاجو نے انکشاف کیا کہ 18 ستمبر 2026 کو ریاستی اسمبلی میں منظور کی گئی قرارداد اور 2026 خریف سیزن کے قواعد کے تحت 30 اکتوبر سے قبل یہ جائزہ مکمل کیا گیا ہے۔ یکم جون سے 30 ستمبر کے دوران ٹیلی میٹری سسٹم کے ذریعہ بارش کا ڈیٹا جمع کیا گیا۔ اس کے علاوہ زرعی کاشت کی کمی، مٹی میں نمی، زمینی پانی کی سطح اور ریموٹ سینسنگ کے 4 سائنسی طریقوں سے جائزہ لیا گیا۔ ہر منڈل کے 10 فیصد دیہات میں گراؤنڈ واٹر سروے مکمل کرنے کے بعد رپورٹس کابینہ کی سب کمیٹی کو پیش کی گئی جس کی 23 اکتوبر کی سفارشات کی بنیاد پر یہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا جو آئندہ چھ ماہ کے لئے نافذ العمل رہے گا۔ جی او کی اجرائی کے ساتھ ہی تمام ضلعی کلکٹرس کو فوری طور پر گزٹ نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر راحت کاری کی سرگرمیاں شروع کریں۔ کسانوں کے لئے VBG رام جی ایکٹ کے تحت فصلوں کے نقصان پر ان پٹ سبسیڈی کی ادائیگی اور بے روزگار دیہی عوام کے لئے روزگار کے مواقع فراہم کریں۔ مویشیوں کے لئے چارہ کی فراہمی کے اقدامات کریں۔ RBI قوانین کے مطابق کسانوں کے زرعی قرضے ری اسٹرکچرنگ کی جائے اور بینک حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کسانوں پر قرض کی وصولی کے لئے کوئی دباؤ نہ ڈالیں۔ حکومت نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ جن منڈلس کا نام اس فہرست میں شامل نہیں ہے ان پر بھی مسلسل نظر رکھی جائے اور ضرورت پڑنے پر اضافی منڈلس کا گزٹ بھی جاری کیا جائے گا۔ 2؍F m/b/