سرکاری ملازمین اور پنشنرس کی بنیادی تنخواہ اور پنشن میں 1.5 فیصد کی کٹوتی ہوگی
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ کے سرکاری ملازمین اور پنشنرس کیلئے ایک اہم خبر آئی ہے ۔ محکمہ فینانس نے ریاست میں ایمپلائی ہیلت اسکیم (EHS) پر عمل کیلئے باقاعدہ اور قطعی احکام جاری کردئیے ہیں ۔ نئے سرکاری آرڈر کے تحت اب ریاست کے تمام سرکاری ملازمین کی بنیادی تنخواہ (Basic Pay) یا پنشنرس کی پنشن میں 1.5 فیصد کی کٹوتی لازمی کی جائے گی تاکہ ملازمین کو صحت کی بہترین اور کیش لیس سہولیات فراہم کی جاسکیں ۔ محکمہ فینانس نے تمام سرکاری دفاتر کے ڈرائنگ آفیسرس (DDOS) کو ہدایت دی ہے کہ وہ جون 2026 میں ادا کی گئی مئی 2026 کی تنخواہ یا پنشن سے ہی یہ کٹوتی شروع کردیں اور اس رقم کو محکمہ فینانس کے تحت خصوصی طور پر قائم کردہ EHS فنڈ میں جمع کرائیں ۔ محکمہ فینانس سے جاری رہنمایانہ خطوط کے مطابق کٹوتی کے نئے عمل میں ملازمین کو کچھ رعایتیں اور استثنیٰ دئیے گئے ہیں ۔ اگر میاں بیوی دونوں ہی سرکاری ملازم ہیں یا ان میں ایک ملازم اور دوسرا پنشنر ہے تو ان دونوں کی تنخواہوں سے رقم نہیں کاٹی جائے گی ۔ میاں بیوی میں سے صرف کسی ایک کی تنخواہ یا پنشن میں سے 1.5 فیصد کٹوتی کی جائے گی اور اسے فنڈ میں جمع کرایا جائے گا ۔ اگرچہ کٹوتی میاں بیوی میں سے کسی ایک ہی تنخواہ سے ہوگی لیکن محکمہ فینانس نے واضح کیا کہ ہیلت اسکیم کے فوائد اور علاج کی سہولت دونوں پر یکساں طور پر لاگو ہوگی ۔ اگر کوئی پنشنر سرویس پنشن اور فیملی پنشن دونوں الگ وصول کررہا ہے تو اس صورت میں بھی دونوں پنشنرس سے رقم نہیں کٹے گی بلکہ ان میں سے کسی ایک پنشن کا 1.5 فیصد ہی کاٹا جائے گا ۔۔ 2/k/b