کشن ریڈی کو قومی ‘ ایٹالہ راجندر کو ریاستی صدرو بنڈی سنجے کو مرکزی وزیر بنانے پر غور
ایس ایم بلال
حیدرآباد ۔19 ۔ ستمبر ۔ ایسا لگتا ہے کہ تلنگانہ میں اقتدار حاصل کرنے کیلئے بھارتیہ جنتا پارٹی کافی سنجیدہ ہے اور کے چندر شیکھر راؤ کو آئندہ انتخابات میں شکست دینے بڑے پیمانہ پر حکمت عملی تیار کی جارہی ہے۔ جنوبی ہندوستان میں مستحکم ہونے اور تلنگانہ پر اپنی توجہ مرکوز کرکے یہاں سے تعلق رکھنے والے بی جے پی قائدین کو قومی سطح پر ترقی دینے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ مرکزی وزیر و رکن پارلیمنٹ سکندرآباد جی کشن ریڈی کو نیا قومی صدر بنانے پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے کیونکہ موجودہ قومی بی جے پی صدر جے پی نڈا کی میعاد جنوری 2023 ء میں مکمل ہورہی ہے۔ تلنگانہ سے مرکزی وزیر کی جائیداد کو پر کرنے موجودہ ریاستی بی جے پی صدر و رکن پارلیمنٹ کریم نگر بنڈی سنجے کو مملکت وزیر بنائے جانے کا امکان ہے جبکہ ریاستی بی جے پی صدر کیلئے سابقہ وزیر و حضورآباد رکن اسمبلی ایٹالہ راجندر کو ذمہ داری سونپی جاسکتی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ 17 ستمبر کو حیدرآباد لبریشن ڈے تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر شریک مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے ایٹالہ راجندر کے مکان پہنچ کر اس ضمن میں تبادلہ خیال کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ اس مرتبہ بی جے پی تلنگانہ میں طبقاتی سیاست کو ترجیح دینے بنیادی سطح سے کام کر رہی ہے ۔ریڈی طبقہ کو خوش کرنے جی کشن ریڈی کو بی جے پی اعلیٰ سطح کی ذمہ داری سونپنا جبکہ بی سی طبقہ کو ترجیح دیتے ہوئے ایٹالہ راجندر جن کا تعلق مدیراج طبقہ سے ہے، کو ریاستی بی جے پی سربراہ بنانے اور بنڈی سنجے جن کا تعلق مونور کاپو طبقہ سے ہے، کو وزیر کی ذمہ داری دینے پر غور سے ظاہر ہوتا ہے کہ ریاست میں اقتدار حاصل کرنے ہر طبقہ کو نظر میں رکھا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ بی جے پی کے ایک اور اہم قائد ڈاکٹر کے لکشمن جن کا تعلق بھی مونور کاپو طبقہ سے ہے ، کو ترقی دیتے ہوئے اترپردیش سے راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ بنایا گیا ہے۔ بی جے پی ہائی کمان میں تلنگانہ سے وابستہ قائدین کو اعلیٰ سطح کے عہدوں پر فائز کرنے کا اصل مقصد یہ ہے کہ تلنگانہ میں 2023-24 ء اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنا اور 2024 پارلیمانی انتخابات میں بھی اس سے فائدہ اٹھانا اصل مقصد ہے۔ اب جبکہ چندر شیکھر راؤ نے قومی سطح کی سیاست میں سرگرم رول ادا کرنے کا عہد کیا ہے اور اس کے پس منظر میں ٹی آر ایس حکومت کو ہٹانے بی جے پی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے اور ایسے پہلوؤں پر سنجیدگی سے کام کر رہی ہے جس سے طبقاتی سیاست کے ذریعہ اقتدار بآسانی حاصل کیا جاسکے۔ آئندہ چند مہینوں میں تلنگانہ سے وابستہ قائدین کو قومی سطح پر پہنچانے پر غور سے یہ قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ کشن ریڈی ، بنڈی سنجے ، ایٹالہ راجندر اور ڈاکٹر کے لکشمن میں سے چیف منسٹر کے اہل امیدوار کو نامز کیا جاسکتا ہے ۔