عالمی ہم آہنگی اور انسانیت کے فروغ کیلئے پرامن نظریات ناگزیر: سلمان خورشید
حیدرآباد، 11 نومبر (سیاست نیوز) سابق مرکزی وزیر و چیئرمین کانگریس فارن افیئرز ڈیپارٹمنٹ سلمان خورشید نے بتایا کہ تلنگانہ کی میزبانی میں دوسری ‘بھارت سمٹ’ کا شاندار انعقاد عمل میں آ رہا ہے۔ آج ایچ آئی سی سی (HICC) میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سلمان خورشید نے بھارت سمٹ پروگرام کی تفصیلات کا انکشاف کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس عالمی کانفرنس میں دنیا کی موجودہ صورتحال، سیاسی و سماجی چیلنجز اور بین الاقوامی امور پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ اجلاس مختلف ممالک کے درمیان ہم آہنگی، عالمی امن اور انسانیت کے فروغ کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوگا، جبکہ موجودہ دور میں گاندھی جی کے نظریات اور اصول ملک و دنیا کے لیے ناگزیر ہیں۔ سلمان خورشید نے مزید بتایا کہ اس سمٹ میں دنیا بھر سے ترقی پسند سوچ رکھنے والے اہم افراد کو مدعو کیا گیا ہے تاکہ موجودہ بین الاقوامی بحرانوں کا پرامن اور باہمی تعاون سے حل تلاش کیا جا سکے اور عالمی سطح پر اخوت و اتحاد کے پیغام کو عام کیا جا سکے۔ 2