تلنگانہ میں ووٹرس کی جملہ تعداد3 کروڑ 35 لاکھ 12 ہزار

   

ایک کروڑ 66 لاکھ مرد اور ایک کروڑ 68 لاکھ خواتین، الیکشن کمیشن کی قطعی فہرست ،4 لاکھ 90 ہزار رائے دہندوں کا اضافہ
حیدرآباد : 6 جنوری (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن نے تلنگانہ کی قطعی فہرست رائے دہندگان جاری کردی ہے جس کے مطابق ریاست میں رائے دہندوں کی جملہ تعداد 33512053 ہے۔ چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ سی سدرشن ریڈی نے فہرست رائے دہندگان کی تفصیلات جاری کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کی نظرثانی شدہ فہرست رائے دہندگان 6 جنوری سے نافذ رہے گی اور گزشتہ سال اکٹوبر اور نومبر کے درمیان موصولہ اعتراضات اور نمائندگیوں کی بنیاد پر قطعی فہرست تیار کی گئی ہے۔ تلنگانہ میں مرد رائے دہندوں کی تعداد 16641489 ہے جبکہ خاتون رائے دہندے 16867735 ہیں تھرڈ جینڈر ووٹرس کی تعداد 2829 ہے جبکہ سرویس ووٹرس 15872 ہیں۔ سرویس ووٹرس کی شمولیت سے رائے دہندوں کی جملہ تعداد 33527925 ہوتی ہے۔ چیف الیکٹورل آفیسر کے مطابق 18 سے 19 سال عمر کے نوجوان رائے دہندوں کی تعداد 545026 ہے جبکہ 85 سال اور اس سے زائد عمر کے بزرگ رائے دہندوں کی تعداد 222091 ہے۔ اوورسیز (این آر آئی) رائے دہندے 3591 ہیں جبکہ معذور رائے دہندوں کی تعداد 526993 درج کی گئی ہے۔ 29 اکٹوبر تا 28 نومبر جو اعتراضات اور دعوے پیش کئے گئے ان کے مطابق 219610 نام شامل کئے گئے جبکہ 117932 نام فہرست سے خارج کئے گئے۔ سدرشن ریڈی کے مطابق 8 فروری 2024ء کو رائے دہندوں کی مجموعی تعداد 33021735 تھی جو یکم جنوری 2025ء کو قطعی فہرست میں بڑھ کر 33512053 ہوچکی ہے۔ اس طرح 490318 رائے دہندوں کا اضافہ ہوا ہے۔ مرد رائے دہندوں میں 209712 اور خاتون رائے دہندوں کی تعداد میں 280514 کا اضافہ ہوا۔ تھرڈ جینڈر رائے دہندوں میں 92 کا اضافہ ہوا ہے۔ شہری علاقوں میں 14750 پولنگ اسٹیشن ہیں جبکہ دیہی علاقوں میں پولنگ اسٹیشنوں کی تعداد 21157 ہے۔ شہری علاقوں میں 286 اور دیہی علاقوں میں 265 پولنگ اسٹیشنوں کا اضافہ ہوا۔ قطعی فہرست رائے دہندگان کی تفصیلات اسمبلی حلقہ جات کی اساس پر چیف الیکٹورل آفس کے ویب سائٹ https://ceotelangana.nic.in پر پیش کی گئی ہے۔ نئے شامل کئے گئے رائے دہندوں کے فوٹو شناختی کارڈ ان کے پتے پر روانہ کئے جائیں گے۔ کارڈ مفت روانہ کئے جائیں گے۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے کہا کہ فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت تصحیح کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اس سلسلہ میں درخواستیں الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ویب سائٹ پر آن لائین قبول کی جائیں گی۔ 18 سال کی تکمیل کرنے والے افراد ناموں کی شمولیت کے لیے آن لائین یا پھر آف لائین درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ بوتھ لیول آفیسر یا اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر کے پاس درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں۔ فہرست رائے دہندگان کے سلسلہ میں کسی بھی مسئلہ پر عوام ٹول فری نمبر 1950 پر ربط پیدا کرسکتے ہیں۔ 1