حیدرآباد : 29 جنوری ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائیر ایجوکیشن کونسل نے پروفیسرس کے ریٹائرمنٹ کی عمر میں 65 سال تک توسیع کی حکومت کو تجویز پیش کی ہے جس پر چیف منسٹر ریونت ریڈی نے بھی مثبت ردعمل کا اظہار کیا ہے جنہوں نے اس معاملہ میں سنجیدگی سے غور کرنے کا حال ہی میں اعلان کیا ہے ۔ ملک کی مختلف ریاستوں میں پروفیسرس کے ریٹائرمنٹ کی عمر کا جائزہ لینے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس نے مختلف ریاستوں کا دورہ کرنے کے بعد ایک رپورٹ تیار کی اور حکومت کو پیش کردیا ہے ۔ اس رپورٹ سے پتہ چلا ہیکہ ملک کی 22 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی یونیورسٹیز میں پروفیسرس کے ریٹائرمنٹ کی عمر کا جائزہ لیا گیا ۔ صرف تلنگانہ، ٹاملناڈو اور پنجاب میں پروفیسر کے ریٹائرمنٹ کی عمر 60سال ہے ۔ 9 ریاستوں میں 62 اور 10 ریاستوں میں 65 سال عمر ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔ دوسری جانب یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کے قواعد کے مطابق پروفیسر س ریٹائرڈمنٹ کی حد بڑھاکر 65 سال کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں ۔ جنوری میں عثمانیہ یونیورسٹی کے تین پروفیسرس ریٹائرڈ ہورہے ہیں ۔ مغربی بنگال ، بہار ، مدھیہ پردیش ، جھارکھنڈ ، دہلی ، اترپردیش ، مہاراشٹرا اور آندھراپردیش میں پروفیسرس کے ریٹائرڈمنٹ کی عمر 65 سال ہے جبکہ کرناٹک ، گجرات ، اڈیشہ ، کیرالا ، چھتیس گڑھ ، گوا ، ہریانہ ، جموں کشمیر اور میزورم میں 62 سال ہے ۔2