مجموعی کیسوں کی تعداد 40 ، ضعیف افراد کو ماسک استعمال کرنے سرینواس راؤ کا مشورہ
حیدرآباد۔یکم اپریل (سیاست نیوز) مرکزی حکومت کی جانب سے کورونا تحدیدات کی برخواستگی کے بعد ڈائرکٹر پبلک ہیلت سرینواس راؤ نے کہا کہ ریاست میں عوام کے لئے ماسک کا استعمال اب لازمی نہیں ہوگا۔ ماسک کا استعمال عوام کیلئے اختیاری ہوگا۔ عدم استعمال کی صورت میں پولیس کی جانب سے چالان نہیں کیا جائے گا ۔ ڈاکٹر سرینواس راؤ نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں میں کورونا کے سبب عوام کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا قواعد پر عمل آوری ختم ہوچکی ہے لیکن کورونا کے امکانی خطرہ کے پیش نظر عوام کیلئے بہتر ہوگا کہ وہ اپنے طورپر احتیاط کریں ۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ ضعیف العمر افراد کو ماسک کا استعمال بدستور جاری رکھنا چاہئے ۔ عوامی مقامات اور ہجوم کے درمیان ماسک کے استعمال سے وائرس سے بچاؤ ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں روزانہ کورونا کے تقریباً 40 کیسس منظر عام پر آرہے ہیں اور 20 اضلاع ایسے ہیں جہاں کیسس کی تعداد صفر ہے۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں 20 سے زائد کیسس منظر عام پر آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین ، آسٹریلیا اور بعض دیگر ممالک میں کورونا کی نئی لہر منظر عام پر آئی ہے۔ ہندوستان میں ابھی تک اس کا کوئی اثر دکھائی نہیں دیا۔ جاریہ سال کے اواخر تک کورونا وباء کے بجائے صرف علاقوں تک محدود ہوجائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ 18 سال سے زائد عمر کے نوجوانوں میں ویکسین کی پہلی خوراک دینے کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔ 12 سے 14 سال عمر کے بچوں کی ٹیکہ اندازی کے معاملہ میں حیدرآباد اور میڑچل اضلاع دیگر علاقوں سے پیچھے ہیں۔ر