تلنگانہ میں گرمی کی شدت میں ریکارڈ اضافہ، محکمہ موسمیات سے انتباہ جاری

   

آئندہ دو یوم درجہ حرارت 44 ڈگری سیلسیس، 21 تا 24 مارچ موسلادھار بارش بھی متوقع
حیدرآباد۔19۔مارچ(سیاست نیوز) ریاست میں گرمی کی شدت میں ریکارڈ کئے جانے والے اضافہ کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے علحدہ انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ دو یوم کے دوران تلنگانہ کے بعض علاقوں میں درجہ حرارت 44 ڈگری سیلسیس تک ریکارڈ کئے جانے کا خدشہ ہے۔بتایا جاتا ہے کہ جاریہ دنوں ریاست میں ریکارڈ کئے جانے والے درجہ حرارت کے متعلق محکمہ موسمیات نے اس بات کی توثیق کی ہے کہ معمول سے 4تا5 ڈگری درجہ حرار ت میں اضافہ دیکھا جا رہاہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ چند یوم کے دوران درجہ حرارت میںریکارڈ کئے جانے والے اضافہ کے علاوہ گرمی کی لہر کے بعد 21تا24 مارچ کے دوران موسلادھار بارشوں کا امکان بھی پایا جانے لگا ہے اور کہا جار ہاہے کہ تلنگانہ کے بیشتر تمام اضلاع میں 21 اور 22 مارچ کو بارش کے امکانات ہیں جبکہ 23اور 24مارچ کو شمال مشرقی اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔خانگی ماہرین موسمیات کی جانب سے جاری کردہ پیش قیاسی میں کہا گیا ہے کہ ریاست میں جاری گرمی کی شدت سے شہریوں کو ان 4یوم کے دوران راحت حاصل ہوگی لیکن اس کے بعد دوبارہ موسم گرما کی شدت میں اضافہ کا سلسلہ شروع ہوجائے گاجو کہ معمول کے مطابق رہے گا۔شہر حیدرآباد کے کئی علاقوں میں آج درجہ حرارت 37ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیاگیا جبکہ شہر کے نواحی و مضافاتی علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ساتھ درجہ حرارت میں بھی اضافہ ریکاڈر کیاگیا ہے۔3