تلنگانہ ویج اڈوائزری بورڈ کے خلاف ہائی کورٹ میں مفاد عامہ کی درخواست

   

حیدرآباد 27 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائیکورٹ نے اسٹیٹ ویج اڈوائزری بورڈ کی تشکیل میں حکومت سے وضاحت طلب کی ہے۔ عدالت نے چیف سکریٹری، پرنسپل سکریٹری لیبر، کمشنر لیبر اور ویج ایڈوائزری بورڈ کے دو ارکان کو نوٹس جاری کرکے اندرون 4 ہفتہ جواب داخل کرنے کی ہدایت دی۔ چیف جسٹس اپریش کمار سنگھ اور جسٹس پی سیام کوشی پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے مفاد عامہ کی درخواست کی سماعت کرکے نوٹسیں جاری کی ہیں۔ ٹریڈ یونین جہد کار جی سرینواس نے درخواست دائر کی جس میں 15 مارچ 2024 کو حکومت کی جانب سے ویج ایڈوائزری بورڈ صدر نشین اور ڈسمبر 2024 میں رکن کے انتخاب کو چیالنج کیا تھا۔ حکومت نے بورڈ صدر نشین کے طور پر بی جنک پرساد اور رکن کی حیثیت سے ایس نرسمہا ریڈی کو مقرر کیا ہے۔ ان دونوں کے تقررات کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے مفاد عامہ کی درخواست دائر کی گئی۔ 1