تلنگانہ پولیسنگ سارے ملک میں سرفہرست

   

انڈیا جسٹس رپورٹ 2025 میں انکشاف ، چیف منسٹر ریونت ریڈی کی پولیس کو مبارکباد

حیدرآباد ۔ 16 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ کی پولیس نے کارکردگی کے معاملے میں ملک میں سرفہرست مقام حاصل کیا ہے ۔ لوگوں کو انصاف فراہم کرنے کے معاملے میں ایک کروڑ سے زیادہ آبادی والی 18 ریاستوں کے موازانہ میں یہ کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ ’ انڈیا جسٹس رپورٹ 2025 ‘ کے عنوان سے ٹاٹا ٹرسٹ نے یہ رپورٹ جاری کی ہے ۔ اس معاملے میں ٹاٹا ٹرسٹ 2019 سے ریاستوں کی درجہ بندی کررہا ہے ۔ پولیس ، عدالتوں ، جیلوں اور لوگوں کو انصاف فراہم کرنے والے قانونی امداد جیسے محکموں کی کارکردگی کا مطالعہ کررہا ہے ۔ تازہ ترین رپورٹ سنٹر فار سوشیل جسٹس ، کامن کاز ، کامن ویلتھ ہیومن رائٹس انٹیسیٹو اور دیگر تنظیموں کے تعاون سے یہ رپورٹ تیار کی گئی ہے ۔ حال ہی میں جاری کردہ چوتھے ایڈیشن میں تلنگانہ سارے ملک میں پولیسنگ کے معاملے میں پہلا ، عدلیہ میں دوسرا ، جیلوں میں ساتواں ، قانونی امداد میں دسواں اور مجموعی طور پر 6.15 اسکور کے ساتھ تیسرے مقام پر ہے جب کہ 6.78 اسکور کے ساتھ ریاست کرناٹک پہلے نمبر پر ہے ۔ 2019 میں جاری ہونے والے ایڈیشن میں مجموعی رینکس پر 11 ویں نمبر پر تلنگانہ تھا ۔ 2020 اور 2022 میں تیسرے مقام پر تھا ۔ اس مرتبہ بھی اسی مقام کو برقرار رکھا ہے ۔ ریاست میں کانسٹبل کی مخلوعہ جائیدادیں 13 فیصد ہیں جو قومی اوسط سے بہت کم ہے ۔ تلنگانہ کے محکمہ پولیس میں صرف 9 فیصد خواتین پولیس ہیں جو قومی اوسط سے بہت کم ہے ۔ تلنگانہ کے شہری علاقوں میں ہر 10.6 مربع کلو میٹر کے لیے ایک پولیس اسٹیشن اور دیہی علاقوں میں ہر 282 مربع کلو میٹر کے لیے ایک پولیس اسٹیشن ہے ۔ سب سے کم حدود میں پولیس اسٹیشنس رہنے والی ریاستوں میں تلنگانہ کو سرفہرست مقام حاصل ہوا ہے ۔ تلنگانہ کے 85 فیصد پولیس اسٹیشن میں سی سی ٹی وی کیمرے اور خواتین ڈیسک ہیں ۔ تلنگانہ کے 21 فیصد ضلعی عدالتوں‘ ہائی کورٹ ججس میں 29 فیصد عملہ میں 24 فیصد مخلوعہ جائیدادیں ہیں ۔ ملک میں تلنگانہ ہائی کورٹ میں 33 فیصد‘ ضلعی عدالتوں میں 55 فیصد خواتین ججس ہیں ۔ تلنگانہ کی جیلوں میں 59 فیصد ڈاکٹر دستیاب نہیں ہیں ۔ سال 2022-23 کے اعداد و شمار کے مطابق ریاست کی جیلوں میں 6500 قیدی تھے ۔ جن پر سالانہ فی کس 33,279 روپئے خرچ کئے گئے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سارے ملک میں پہلا مقام حاصل کرنے پر پولیس کو مبارکباد پیش کی ۔ 2