تلنگانہ کے 4 اضلاع میں موسلادھار بارش کا امکان

   

خلیج بنگال میں طوفان ارنب …
70 کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا خدشہ، ضلع انتظامیہ کو چوکسی کی ہدایت

حیدرآباد۔28۔اکٹوبر(سیاست نیوز) خلیج بنگال میں آئے طوفان کے نتیجہ میں تلنگانہ کے 4اضلاع میں انتہائی موسلادھار بارش کے امکانات کی پیش قیاسی کے ساتھ مذکورہ اضلاع میں سخت احتیاطی اقدامات کی تاکید کرتے ہوئے محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کی جانے والی پیش قیاسی کے مطابق تلنگانہ کے سرحدی اضلاع ملوگو‘ بھدادری کتہ گوڑم‘ کھمم اور محبوب آباد میں ’طوفان ارنب‘ کے اثرات پہنچنے لگے ہیں اور انتہائی موسلادھار بارش اور تیز ہواؤں کی صورت میں کسی بھی طرح کے ناگہانی واقعات نہ پیش آئیں اس کے لئے ضلع انتظامیہ کو اس بات کی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ نشیبی علاقوں پر خصوصی نظر رکھنے کے علاوہ پانی کی نکاسی کے خصوصی انتظامات کو یقینی بنائیں۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کی گئی پیش قیاسی کے مطابق مذکورہ اضلاع میں 50تا70کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا خدشہ ہے ۔ خانگی ماہرین موسمیات کی جانب سے کی جانے والی پیش قیاسی میں کہاگیا ہے کہ طوفان ارنب کے اثرات 31اکٹوبر تک زائل ہوجائیں گے لیکن اس کے بعد یکم تا 5 نومبر کے دوران بھی تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ بتایا جاتاہے کہ خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی ریکارڈ کئے جانے کے سبب پیدا ہونے والی طوفان ارنب کے اختتام کے بعد ایک اور ہوا کے دباؤ میں کمی کے اثرات ریکارڈ کئے جانے لگے ہیں جو کہ 2 نومبر سے شدت اختیار کرسکتے ہیں اور 5نومبر تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ماہرین موسمیات کے مطابق یکم تا 6نومبر کے دوران تلنگانہ کے مشرقی اضلاع میں انتہائی شدید موسلادھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے جو کہ ریاست میں پانی کی قلت کو دور کرنے میں بڑی حد تک معاون ثابت ہوسکتی ہے۔طوفان ارنب کے اثرات تلنگانہ پہنچنے کے دوران شہر حیدرآباد وسکندرآباد میں محکمہ موسمیات کی جانب سے کی گئی پیش قیاسی کے مطابق درجہ حرارت میں نمایاں گراوٹ ریکارڈ کی جانے لگی ہے اور آج دن بھر مطلع ابرآلود رہا لیکن کسی بھی مقام پر بارش یا ہلکی بوندا باندی بھی ریکارڈ نہیں کی گئی ۔محکمہ موسمیات کے عہدیداروں کے مطابق آئندہ تین یوم کے دوران شہر حیدرآباد وسکندرآباد کے علاوہ اضلاع میں بارش کے امکانات ظاہر کرتے ہوئے کہا جا رہاہے کہ رات کے اوقات میں دونوں شہروںمیں درجہ حرارت میں مزید گراوٹ ریکارڈ کی جائے گی اور موسم سرد ہوگا۔3