تلنگانہ کے مسلمان اپنے ووٹ سے مودی کی تائید روکنے تیار ہوجائیں

   

کے سی آر کو مودی کی تائید میں اسد اویسی کی مرضی شامل، 12 فیصد تحفظات پر دھوکہ، بانسواڑہ میں ریونت ریڈی کی پد یاترا و جلسہ
حیدرآباد۔20۔مارچ (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے ووٹ کو مودی کی تائید میں جانے سے روکنے کانگریس کی تائید کریں۔ ہاتھ سے ہاتھ جوڑو یاترا کے 34 ویں دن ریونت ریڈی نے آج بانسواڑہ اسمبلی حلقہ کا احاطہ کیا اور کئی منڈلوں میں پد یاترا کرکے عوام سے ملاقات کی۔ انہوں نے شکر کے کاشتکاروں ، کسانوں اور ہلدی کے کاشتکاروں کے علاوہ دلتوں سے علحدہ ملاقات کرکے کانگریس برسر اقتدار آنے پر مسائل کی یکسوئی کا یقین دلایا۔ شام میں کارنر میٹنگ سے خطاب کیا جس میں ہزاروں کی تعداد میں عوام شریک تھے۔ ریونت ریڈی نے کے سی آر پر مسلمان اور دلتوں سے دھوکہ کا الزام عائد کیا اور کہا کہ دلتوں و مسلمانوں کی ترقی کیلئے کانگریس حکومت میں اقدامات کئے گئے تھے۔ مسلمانوں کو 4 فیصد تحفظات کانگریس نے فراہم کئے، اس کے علاوہ فیس ری ایمبرسمنٹ اسکیم متعارف کی گئی ۔ روزگار اور تعلیم میں 4 فیصد تحفظات کے نتیجہ میں مسلمانوں کے ہزاروں نوجوان ہر سال ڈاکٹر ، انجنیئر ، قانون داں اور سائنٹسٹ بن رہے ہیں۔ راج شیکھر ریڈی حکومت میں غلام نبی آزاد ،محمد علی شبیر کی مساعی سے تحفظات حاصل ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کی پسماندگی کا جائزہ لینے سچر کمیٹی تشکیل دی گئی۔ رپورٹ کے مطابق مسلمان ہر شعبہ میں دلتوں سے زیادہ پسماندہ ہیں۔ ریونت ریڈی نے مسلمانوں سے سوال کیا کہ کانگریس نے ان کی ترقی کیلئے کیا کمی کی کہ انہوں نے بی آر ایس کی تائید کی ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کے سی آر نے شادنگر میں وعدہ کیا تھا کہ چار ماہ میں 12 فیصد تحفظات دئے جائیں گے لیکن 9 سال گزرنے کے باوجود کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔ انہوں نے صدر مجلس اسد اویسی سے کہا کہ وہ انتخابات میں مسلمانوں سے بی آر ایس کی تائید کی اپیل کرتے ہیں لیکن بی آر ایس مسلمانوں کے ووٹ لے کر دہلی میں مودی کی تائید کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسد اویسی کار کے اسٹیرنگ پر کنٹرول کا دعویٰ کرتے ہیں لیکن وہ کے سی آر کی کار کو مودی کی گلی جانے سے روک نہیں سکے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کی تائید لے کر مودی کے فیصلوں کی تائید کرنا مسلمانوں سے دھوکہ ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا اسد اویسی کی مرضی سے کے سی آر دہلی میں مودی کی تائید کر رہے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ کے سی آر اور اسد اویسی دونوں بی جے پی کی تائید کے ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مذہب کے نام پر مسلمانوں اور دیگر مذاہب کے درمیان تقسیم کی سازش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر بی جے پی دوبارہ برسر اقتدار آئے تو مسلمانوں کیلئے جینا دوبھر ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کے سی آر کو اقتدار سے بیدخل کرکے ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ یکم جنوری 2024 ء کو تلنگانہ میں کانگریس برسر اقتدار آئے گی جو 10 سال تک برقرار رہتے ہوئے سماج کے ہر طبقہ کی بھلائی کو یقینی بنائے گی۔ مقامی رکن اسمبلی اور اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ اسمبلی میں 119 ارکان پر کنٹرول کرنے والے پوچارم کا اپنے بچوں پر کنٹرول نہیں ہے ۔ دونوں فرزندان کمیشن حاصل کرکے ہر کام انجام دینے کی کوشش کرتے ہیں ۔ حکومت کے تمام کنٹراکٹ پوچارم کے فرزندان کو حاصل ہورہے ہیں۔ ریونت ریڈی نے کانگریس برسر اقتدار آنے پر غریبوں کو مکانات کی تعمیر کیلئے 5 لاکھ روپئے امداد ، آروگیہ شری کے تحت پانچ لاکھ روپئے کے مفت علاج ، کسانوں کو 2 لاکھ روپئے قرض کی معافی و غریبوں کو 500 روپئے میں پکوان گیاس سلینڈر کی فراہمی کا وعدہ کیا۔ ریونت ریڈی نے نظام شوگر فیاکٹری کے احیاء کا وعدہ کیا۔جلسہ عام سے سابق وزیر محمد علی شبیر ، سدرشن ریڈی ، انجن کمار یادو اور دوسروں نے مخاطب کیا۔ر