حیدرآباد ۔2 ۔ جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے ایک سابق پولیس عہدیدار کو غیر مجاز طور پر حراست رکھنے پر مدھورا نگر پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر کی سرزنش کی۔ جسٹس پی مادھوی دیوی نے 70 سالہ ریٹائرڈ پولیس عہدیدار کو ہراساں کرنے کے معاملہ میں سب انسپکٹر کو لنچ کے وقفہ تک عدالت میں کھڑا رہنے کی ہدایت دی۔ جسٹس مادھوی دیوی ریٹائرڈ سب انسپکٹر محمد عثمان کی درخواست کی سماعت کر رہی تھیں جس میں پولیس پر الزام عائد کیا کہ انہیں گھسیٹ کر پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا۔ درخواست گزار نے اس سلسلہ میں تصاویر پیش کیں۔ جسٹس مادھوی دیوی نے سب انسپکٹر کے رویہ پر برہمی ظاہر کی اور کہا کہ تصاویر سے یہ واضح ہوتا ہے کہ قانون کا من مانی استعمال کیا گیا ہے۔ قانون کے ہاتھ میں ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ مرضی چلائی جائے۔ مقدمہ کی سماعت کے موقع پر سب انسپکٹر عدالت میں موجود تھے۔ درخواست گزار کے وکیل اور سرکاری وکیل کی سماعت کے بعد جسٹس مادھوی دیوی نے سب انسپکٹر کو لنچ کے وقفہ تک کھڑا ہونے کی سزا دی۔ کمشنر پولیس کو اس معاملہ کی تحقیقات کی ہدایت دیتے ہوئے آئندہ سماعت دو ہفتے بعد مقرر کی گئی۔1/k