آئندہ 50دن میں 80لاکھ نوٹس کلیئر کرنا الیکشن کمیشن کیلئے بڑا چیلنج ، آن لائن سہولت کا مطالبہ
منظورہ شدہ اور مسترد شدہ کیسیسکی معلومات روزانہ پورٹل پر اپ لوڈ کرنے سیول سوسائٹی کا الیکشن کمیشن کو مکتوب
حیدرآباد : 14 ستمبر ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں ووٹر لسٹوں کی جامع نظر ثانی (SIR) کا عمل شدید سست رفتاری کا شکار ہوگیا ہے ۔ ناموں ، خاندانی تفصیلات اور عمر کے فرق کی بنیاد پر انتخابی حکام کی جانب سے جاری کردہ نوٹس کا بروقت جواب نہ ملنے سے الیکشن کمیشن کے عہدیدار تشویش میں مبتلا ہیں ۔ حکام کو اندیشہ ہے کہ اگر نوٹس کا جواب نہ ملنے کی وجہ سے ووٹر لسٹوں سے نام خارج کئے گئے تو ریاست میں لاکھوں ووٹرس اپنے حق رائے دہی سے محروم ہوسکتے ہیں ۔ ریاست بھر میں معلومات کے فرق کی بنیاد پر جملہ 93لاکھ ووٹرس کو نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ تاحال 70لاکھ نوٹس جاری کردیئے گئے ہیں جن میں سے 40لاکھ نوٹس کی معینہ مدت (Deadline) ختم ہوچکی ہے ۔ گزشتہ ماہ 20 اگست سے شروع ہونے والے اس عمل میں تین ہفتے گزرنے کے باوجود صرف 14 لاکھ ووٹرس ہی اسسٹنٹ الکٹورل رجسٹریشن آفیسر(AERO) کے پاس ذاتی طور پر حاضر ہوکر اپنے دستاویزات جمع کرواسکے ہیں ۔ اس سارے عمل کو مکمل کرنے کیلئے اب صرف 50 دن باقی رہ گئے ہیں جبکہ 80 لاکھ سے زائد ووٹرس کی تصدیق باقی ہے جس کیلئے ہر ہفتہ کم از کم 11لاکھ نوٹسیس کا کلیئر ہونا ضروری ہے ۔ اگر جواب موصول نہ ہوا تو ووٹر کا نام حذف ہونے کا خطرہ ہے ۔ تلنگانہ میں اس سے قبل بھی 73 لاکھ ووٹرس کے نام ووٹر لسٹ سے حذف کئے جاچکے ہیں ۔ دور دراز علاقوں سے AERO دفاتر کے چکر لگانے پر ووٹرس شدید عدم دلچسپی کا اظہار کررہے ہیں ۔ خانگی ملازمین ، تاجر ، مزدور اور روزانہ کی بنیاد پر چھوٹے کاروبار کرنے والوں کیلئے کام کاج چھوڑ کر ذاتی طور پر حاضر ہونا انتہائی دشوار ثابت ہورہا ہے ۔ شہریوں اور سیاسی جماعتوں کا مطالبہ ہے کہ SIR کے پہلے مرحلے کی طرح اس بار بھی آن لائن دستاویزات جمع کرانے کی سہولت دی جائے یا ٹکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے بی ایل اور اے ای آر او کو آن لائن پورٹل پر ہی دستاویزات دستیاب کرائی جائیں ۔ مختلف سیاسی جماعتوں نے قوانین میں نرمی کرنے کا الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے ۔ سیول سوسائٹی کی تنظیموں اور سماجی کارکنوں نے اس مہم میں شفافیت کے فقدان پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سنٹرل الیکشن کمیشن اور چیف الکٹورل آفیسر تلنگانہ کو مکتوبات روانہ کیا ۔ نوٹس میں غلطیوں یا تضاد کی وضاحت بیان کی جائے تاکہ ووٹر کو معلوم ہوکہ اسے کس بناء پر نوٹس ملا ہے ۔ جمع کرائے گئے دستاویزات کی صورتحال ، تحقیقات کی تفصیلات اور ERO کے فیصلوں کو وقتاً فوقتاً آن لائن دیکھنے کا موقع فراہم کیا جائے ۔ معمولی ٹائپنگ غلطیوں ، عمر یا رشتے کے معمولی فرق پر بلا امتیاز اور ٹکنیکل نوٹس جاری کرنے کا سلسلہ فوری بند کیا جائے ۔ اسمبلی حلقہ وار سطح پر جاری کردہ نوٹس موصولہ درخواستیں ، منظور شدہ اور مسترد شدہ کیسیس کی شفاف معلومات روزآنہ الیکشن پورٹل پر اپ لوڈ کی جائیں ۔2/i