تلگو ریاستوں سے امریکہ جانے کے خواہشمندوں کو مایوسی

   

گزشتہ 2 دہائیوں میں بڑی تعدادمیں درخواستیں مسترد، حصول تعلیم کیلئے ہندوستانی طلبہ سرفہرست

حیدرآباد۔ 2۔اپریل(سیاست نیوز) تلگو ریاستوں سے امریکہ روانہ ہونے کے خواہشمند طلبہ کی ویزا درخواستوں کے استرداد میں گذشتہ دو دہائیوں میں سب سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کئے جانے کی اطلاعات ہیں۔ دنیا بھر میں ہندستان وہ سرفہرست ملک بن چکا ہے جو سب سے زیادہ طلبہ امریکہ روانہ کر رہا ہے اور امریکی جامعات میںتعلیم حاصل کرنے والے بیرونی طلبہ کی تعداد میں سب سے زیادہ تعداد ہندستانی طلبہ کی ہوچکی ہے لیکن اب جو صورتحال پائی جا رہی ہے اس کے مطابق تلگو ریاستوں کے طلبہ کی جانب سے امریکی ویزوں کے لئے درخواستوں کو مسترد کئے جانے میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے اور کہا جار ہاہے کہ تلگوریاستوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے تعلیم کی تکمیل کے بعد بھی قیام کے نتیجہ میں تلگو ریاستوں کے درخواست گذاروں کے ویزوں کے لئے داخل کی جانے والی درخواستوں کو مسترد کیا جانے لگا ہے۔تلگو ریاستوں سے طلبہ کو امریکہ روانہ کرنے کی کاروائی کرنے والے کنسلٹنٹس کا کہناہے کہ گذشتہ 2دہائیوں میں پہلی مرتبہ ایسا دیکھا جا رہاہے کہ تلگو ریاستوں کے طلبہ کی ویزا درخواستیں زیادہ تعداد میں مسترد کی جا رہی ہیں اور ان کے استرداد کی وجوہات کے متعلق بھی قونصل خانہ کی جانب سے واقف نہیں کروایا جاتا لیکن مسترد کی جانے والی ویزا درخواستوں کا جائزہ لینے کے بعد اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ معمولی غلط اندراجات کو بنیاد بناتے ہوئے ان درخواستوں کو مسترد کیا جارہا ہے۔طلبہ جو کہ اب تک امریکہ کو اپنے خوابوں کی سرزمین تصور کرتے ہوئے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لئے امریکہ کا رخ کرتے تھے لیکن اب وہ طلبہ بجائے امریکہ کے جرمنی ‘ برطانیہ اور دیگر ممالک کا رخ کرنے لگے ہیں۔تعلیمی سال 2023-24 کے اعداد و شمار کا جائزہ لیا جائے تو امریکہ کی جانب سے اس مدت میں 2لاکھ79 ہزار F1 ویزادرخواستوں کو مسترد کیا گیا ہے جو کہ داخل کی گئی جملہ درخواستوں کا 41فیصد ریکارڈ کیاگیا ہے اس مدت کے دوران 6لاکھ79 ہزار F1 ویزا درخواستوں کا ادخال عمل میں لایا گیا تھا جن میں قابل لحاظ ہندستانی طلبہ کی تعداد تھی اور مسترد ہونے والوں میں بھی قابل لحاظ تعداد ہندستانی طلبہ کی رہی ۔بتایاجاتا ہے کہ سال 2023کے دوران 7000 ہندستانی طلبہ منظورہ مدت سے زیادہ امریکہ میں رکنے کے مرتکب پائے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق دونوں تلگو ریاستوں سے داخل کی جانے والی درخواستوں میں کمی کے رجحان کا سلسلہ جاری ہے کیونکہ جاریہ سال کے ابتدائی داخلوں کے موسم کے دوران انتہائی ابتر صورتحال ریکارڈ کی گئی ہے اور آئندہ داخلوں کے موسم کے دوران بھی حالات میں بہتری کا کوئی امکان نہیں ہے۔3