تمام اضلاع میں 4 تا 10 اگسٹ ’’ذہنی صحت و تحفظ ہفتہ ‘‘

   

کاماریڈی ۔ یکم اگسٹ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلنگانہ سائیکولوجیکل ایسوسی ایشن کی بارہویں سالگرہ کے موقع پر ریاست کے تمام اضلاع میں 4 سے 10 اگست تک ’’ذہنی صحت و تحفظ ہفتہ‘‘ منایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار تلنگانہ سائیکولوجیکل ایسوسی ایشن کے ریاستی صدر اور ممتاز سینئر ماہرِ نفسیات ڈاکٹر ایم اے کریم نے کیا۔انہوں نے کہا کہ ہفتہ بھر جاری رہنے والے پروگرام کے دوران 4 اگست کو بچوں کیلئے بچپن کی اہمیت اور ذہنی نشوونما، 5 اگست کو طلبہ کیلئے یادداشت، یکسوئی، تعلیم میں دلچسپی پیدا کرنے اور تعلیمی مسائل، 6 اگست کو نوجوانوں کیلئے مستقبل کی منصوبہ بندی اور اہداف کے تعین، 7 اگست کو لڑکیوں اور خواتین کو درپیش ذہنی مسائل، 8 اگست کو والدین کیلئے بچوں کی بہتر تربیت، 9 اگست کو خاندانی اور ذاتی ذہنی مسائل کے حل، جبکہ 10 اگست کو بزرگوں کی ذہنی صحت اور بڑھاپے سے متعلق نفسیاتی مسائل پر خصوصی طور پر اسی مقام پر رہنمائی فراہم کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ اس دوران ماہرینِ نفسیات روزانہ صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک عوام کو مفت انفرادی مشاورت (کونسلنگ) اور نفسیاتی رہنمائی فراہم کریں گے۔ مزید معلومات کیلئے ضلعی سطح پر 9440488571 یا تلنگانہ سائیکولوجیکل ایسوسی ایشن کے مرکزی ہیلپ لائن نمبر 040-35717915 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔