نفرت انگیز تقاریر کی مذمت اور آزادی ٔ صحافت کا تحفظ ضروری ، انٹونیو گوٹیرس کا خطاب
ممبئی : سکریٹری جنرل اقوام متحدہ انٹونیوگوٹیرس ہندوستان کے دورہ پر ہیں۔ انہوں نے آج ہندوستان جیسے کثیرالجہتی ملک میں سماج کے تمام طبقات کے حقوق کے تحفظ کیلئے بابائے قوم مہاتما گاندھی کے اقدار اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کا احترام اور تمام کیلئے عزت و توقیر کے علاوہ آزادیٔ صحافت، نفرت انگیز تقاریر کی مذمت ضروری ہے۔ ہندوستان کی عدلیہ کے وقار کو یقینی بنایا جاسکے۔ یہی چیزیں عالمی سطح پر ملک کے اعتماد کی وجہ ہوتی ہے۔ آئی آئی ٹی ممبئی کے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کونسل کے منتخبہ رکن ہونے کی حیثیت سے ہندوستان کی یہ ذمہ داری ہیکہ عالمی سطح پر تمام افراد بشمول اقلیتوں کے انسانی حقوق کے تحفظ اور ان کے فروغ کیلئے کام کریں۔ اس ضمن میں گاندھی جی کے اصول ہمہ تہذیبی، ہمہ مذہبی اور ہمہ نسلی سماج میں انتہائی اہم و کارآمد ہوں گے۔ انہوں نے ہندوستانیوں پر زور دیا کہ وہ چوکس رہیں اور خواتین کے حقوق اور جنسی مساوات کی برقراری کیلئے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف اقدامات کے ذریعہ خواتین کیلئے مساوی مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے ان میں ملازمتوں کی فراہمی، سیفٹی اور سیکوریٹی ، چائلڈ کیئر سہولتوں تک رسائی وغیرہ شامل ہیں۔ انہوں نے آزادی صحافت ، انسانی حقوق کے کارکنوں، طلبہ اور ماہرین تعلیم کے حقوق کے تحفظ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔