حیدرآباد 16/اگست (یواین آئی) ضلع کھمم میں قتل ٹی آر ایس لیڈر تمی نینی کرشنیا کی آخری رسومات انجام دے دی گئیں۔ اس موقع پرکسی ناخوشگوار واقعہ کو روکنے کیلئے بڑی تعداد میں پولیس کو تعینات کیا گیا تھا۔ سابق وزیر اور ٹی آر ایس کے سینئر لیڈر تملا ناگیشور راؤ نے کرشنیا کی آخری رسومات میں شرکت کی۔ ٹی آر ایس لیڈر اور ٹیکولاپلی کوآپریٹیو سوسائٹی کے ڈائرکٹر کرشنیا کو کھمم ضلع کے تلداروپلی میں گذشتہ روز قتل کر دیاگیاتھا۔ پیر کی صبح کرشنیاقومی پرچم لہرانے کے بعد ٹو وہیلر پر گھر جا ر ہے تھے کہ ان کی بائیک کو ایک آٹو نے ٹکردیدی جس کے نتیجہ میں وہ بائیک سے گرگئے جس کے ساتھ ہی آٹو میں سوار افراد نے چاقوؤں اور تلواروں سے ان پر حملہ کردیا جس کے نتیجہ میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے ۔کرشنیا،سی پی ایم تلنگانہ کے ریاستی سکریٹری تمی نینی ویربھدرم کے رشتہ کے بھائی تھے ۔