حیدرآباد؍ بنگلورو ۔27جون(سیاست نیوز) گجرات اے ٹی ایس کی جانب سے ممتاز سماجی کارکن تیستا سیتلواڈ کو گرفتار کئے جانے پر بنگلورو میں وکلاء نے سیول کور ٹ کے احاطہ میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے تیستا سیتلواڈ کے خلاف انتقامی کاروائی کا الزام عائد کیا اور کہا کہ حکومت کی جانب سے انسانی حقوق اور انصاف رسانی کے لئے جدوجہد کرنے والوں کے خلا ف کی گئی اس کاروائی کی مذمت کی جانی چاہئے کیونکہ تیستاسیتلواڈ 19 سال سے گجرات کے مظلومین کو انصاف رسانی کے عمل کا حصہ رہی ہیں اور اب جبکہ سپریم کورٹ نے وزیر اعظم نریندر مودی کو جو 2002میں گجرات کے چیف منسٹر تھے کلین چٹ دی اس کے دوسرے دن گجرات اے ٹی ایس کی جانب سے کی گئی کاروائی واضح طور پر انتقامی کاروائی نظر آرہی ہے۔ احتجاجی وکلاء نے انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے جدوجہد کرنے والی تنظیموں اور اداروں کے ذمہ داروں سے اپیل کی کہ وہ تیستا سیتلواڈ کی گرفتاری کے خلاف آواز اٹھائیں کیونکہ اگر ان کی گرفتاری پر خاموشی اختیار کی جاتی ہے تو ایسی صورت میں کسی مظلوم کی حمایت میں کوئی جدوجہد نہیں کرے گا ۔