عید الفطر اور اُگادی کے دن بھی کاؤنٹرس کھلے رکھنے کا اعلان
حیدرآباد۔ 28 مارچ (سیاست نیوز) جائیداد ٹیکس کے بقایاجات کی ادائیگی کے لئے حکومت کی جانب سے اعلان کردہ ون ٹائم سٹلمنٹ (OTS) اسکیم کی مہلت آئندہ تین دن میں ختم ہو رہی ہے۔ ان تین دنوں کے دوران اتوار، پیر، اُگادی، عید الفطر کے پیش نظر جی ایچ ایم سی نے عید و تہوار کے باوجود جائیداد ٹیکس کی وصولی کے لئے خصوصی انتظامات کیا ہے اس معاملے میں عہدیداروں اور عملے کو چوکس کردیاگیا ہے۔ اُگادی اور عید الفطر کے دن بھی لوگوں کو جائیداد ٹیکس ادا کرنے کی سہولت فراہم کرتے ہوئے جائیداد ٹیکس ادائیگی کاؤنٹرس کھلے رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ کمشنر جی ایچ ایم سی نے مالکان جائیداد کو ہدایت دی کہ وہ اپنے جائیداد ٹیکس فوری ادا کرتے ہوئے سود پر 90 فیصد رعایت حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ جائیداد ٹیکس وصول کرنے کا جو نشانہ مختص کیا گیا ہے وہ مارچ کے اواخر تک حاصل کرنے کے قوی امکانات ہیں۔ سال 2024-25 سے متعلق جائیداد ٹیکس کا ٹارگیٹ 61.18 کروڑ ہے۔ جمعرات تک جملہ 55.32 کروڑ روپے کا جائداد ٹیکس وصول ہوا ہے۔ مزید 5.86 کروڑ روپے کا جائیداد ٹیکس حاصل کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ عید و تہوار کے دن بھی سرکل دفاتر میں موجود کاؤنٹرس کھلے رہیں گے۔ کمشنر جی ایچ ایم سی المبرتی نے جی ایچ ایم سی کے سرکلس حدود میں موجود مکانات، کمرشل اداروں کو اپنے اپنے جائیداد ٹیکس ادا کرتے ہوئے سود پر رعایت حاصل کرنے کا مشورہ دیا۔ 2