جانوروں کی ہڈیوں سے سجاوٹ کا سامان بنانے والا نوجوان

   

سری نگر: اپنے اندر پوشیدہ ہنر اور صلاحیتوں کو بروئے کار لانے سے نہ صرف بے وقعت چیزوں کو بھی کو گوہر بنایا جاسکتا ہے بلکہ اپنی روزی روٹی کی راہ بھی پیدا کی جاسکتی ہے ۔یہ باتیں سری نگر کے گلاب باغ سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ عزیزالرحمان نے صحیح ثابت کرکے دکھائی ہیں جو جانوروں کی ہڈیوں پر نقش و نگاری کرکے مختلف النوع آرائشی چیزیں بناتا ہے ۔اس طرح وہ نہ صرف اپنے اندر پوشیدہ ہنر کی جلوہ نمائی کرکے اپنے شوق کو پورا کر رہے ہیں بلکہ اپنے ذاتی خرچ کابھی انتظام کر رہے ہیں۔موصوف نوجوان آرٹ کا طالب علم ہے نہ کسی آرٹ اسکول میں زیر تربیت ہے بلکہ شیر کشمیر یونیورسٹی آف ایگریکلچر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کشمیر میں شعبہ فشریز میں گریجویشن کرر ہا ہے ۔عزیزالرحمان نے اپنے اس انوکھے شوق کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ بچپن سے ہی مجھے جانوروں کی ہڈیوں کو ضائع ہونے کے بجائے ان کو سجاوٹ کے ساز و سامان میں تبدیل کرنے کا شوق تھا۔انہوں نے کہا: ‘کچھ نیا اور انوکھا کرنے کا مجھے ہمیشہ سے ہی ذوق و شوق رہتا ہے ، ہمیں گھر سے باہر جانے کی اجازت نہیں تھی تو میں گھر میں ہی کچھ نہ کچھ کرتا رہتا تھا’۔ان کا کہنا تھا: ’آرٹ سے مجھے جنون کی حد تک لگاؤ ہے اور معمولی چیزوں کو کسی فنی شاہکار میں تبدیل کرنا میرا شوق یے ‘ ۔