ٹوکیو: جنوب مغربی جاپان میں بڑھتے ہوئے طوفان نان ماڈول کے پیش نظر حکام نے40 لاکھ افراد سے انخلا کی اپیل کی جس کے بعد ہزاروں لوگ اس وقت پناہ گاہوں میں موجود ہیں۔فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جاپان کی موسمیاتی ایجنسی (جے ایم اے) نے جنوبی کیوشو پریفیکچر میں کاگوشیما کے علاقے کے لیے ’خصوصی وارننگ‘ جاری کی ہے۔مقامی ٹرانسپورٹ کے حکام نے بتایا کہ اتوار کی صبح تک کاگوشیما اور میازاکی میں 25 ہزار 680 خاندان پہلے ہی بجلی سے محروم تھے جبکہ طوفان کے گزرنے تک علاقائی ٹرین سروس، پروازیں اور بحری جہازوں کا سفر منسوخ کر دیا گیا ہے۔جاپان کی موسمیاتی ایجنسی جے ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ خطے کو تیز ہواؤں، طوفانی لہروں اور طوفانی بارشوں سے ایسے خطرے کا سامنا ہے جس کی نظیر نہیں ملتی۔جے ایم اے کے پیش گوئی یونٹ کی سربراہ ریوتا کورورا نے کہا کہ ’زیادہ سے زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے، یہ بہت خطرناک طوفان ہے۔‘انہوں نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ہوا اتنی تیز ہوگی کہ کچھ مکانات گر سکتے ہیں جبکہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا انتباہ بھی جاری کیا گیا ہے۔حکومت کی فائر اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے مطابق اب تک کیوشو کے 40 لاکھ شہریوں کو انخلا کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔