جاپان میں نتیجہ خیز مذاکرات کے بعد ہندوستانی وفد سیول پہنچا

   

ٹوکیو؍ سیول۔ 25 مئی (یو این آئی) ہندوستان کا کل جماعتی پارلیمانی وفد ہفتہ کی رات جنوبی کوریا کی راجدھانی سیول پہنچا، جہاں دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کے مضبوط موقف پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس سے قبل اس وفد نے جاپان کا دورہ مکمل کیا۔ یہ اطلاع اتوار کے روز ہندوستانی وفد کے ایک رکن نے دی۔ ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی نے اس موقع پر کہا کہ جاپان میں ہماری عالمی رسائی ہندوستانی سفارت خانے میں نتیجہ خیز بات چیت پر منتج ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس مقصد میں متحد ہیں۔ انہوں نے پہلگام دہشت گردانہ حملے پر توجہ مبذول کرائی اور ہندوستان کے متوازن ردعمل کو اجاگر کیا، جس میں شہری سلامتی سے سمجھوتہ کیے بغیر پاکستان اور پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر میں دہشت گردی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا۔ مغربی بنگال کے ڈائمنڈ ہاربر سے لوک سبھا کے رکن پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی نے کہا کہ ہم اس پیغام کو آگے بڑھانے کے لیے سیول پہنچے ہیں، ہمارا عزم پختہ ہے اور ہمارا ملک دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں ہمت اور وضاحت کے ساتھ قیادت کرتا رہے گا۔ جے ڈی یو کے سنجے کمار جھا کی قیادت میں یہ وفد ہفتہ کی رات سیول پہنچا۔ کل جماعتی وفد جمہوریہ کوریا کی وزارت خارجہ کے حکام، قومی اسمبلی کے رہنماؤں اور معروف تھنک ٹینکس کے نمائندوں اور آخر میں میڈیا سے ملاقات کرے گا۔ سنجے کمار جھا اور ابھیشیک بنرجی کے علاوہ وفد میں اپراجیت سارنگی، پرنب بروا، ہیمانگ جوشی، سابق وزیر خارجہ سلمان خورشید، برج لال، جان برٹاس اور فرانس اور بحرین میں ہندوستان کے سابق سفیر موہن کمار بھی شامل ہیں۔