جب تک انصاف نہیں مل جاتا ہمانی کی آخری رسومات ادا نہیں ہوگی

   

کانگریس کی پارٹی کارکن کے بڑ بھائی کو 12سال پہلے قتل کردیا گیا تھا، باپ نے خودکشی کرلی تھی

چنڈی گڑھ: ہریانہ کے روہتک میں کانگریس کارکن ہمانی نروال کے قتل کے معاملے میں ہیمانی کی ماں سویتا نے اتوار کو کہا کہ انصاف ملنے تک آخری رسومات ادا نہیں کی جائیں گی۔ہمانی کی نعش ہفتہ کو روہتک میں ایک سوٹ کیس سے ملی تھی۔ ہمانی نے لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کی “بھارت جوڑو” یاترا میں حصہ لیا تھا اور راہل گاندھی کے ساتھ ان کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں۔روہتک میں میڈیا والوں سے بات کرتے ہوئے سویتا نے الزام لگایا کہ انتخابات اور پارٹی نے ان کی بیٹی کی جان لے لی ہے ۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ پارٹی میں ہیمانی کا اضافہ کچھ عناصر کو حسد میں مبتلا کر سکتا تھا۔ہریانہ کے ٹرانسپورٹ، توانائی اور محنت کے وزیر انل وج نے ہمانی کی ماں کے الزامات کو سنگین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس گہرائی سے تحقیقات کر رہی ہے اور اس میں جو بھی سچائی ہوگی اسے اس کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس لیڈر بھوپندر سنگھ ہڈا نے معاملے کی اعلیٰ سطحی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ جو بھی قصوروار ہے اسے سزا ملنی چاہیے ۔دریں اثناء کانگریس نے ہریانہ کے روہتک میں پارٹی کارکن ہمانی نروال کے قتل پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے ریاستی حکومت سے اس واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔کانگریس نے اپنے آفیشل ایکس پیج پر کہا، “ہریانہ کے روہتک میں کانگریس کارکن ہمانی نروال کے بہیمانہ قتل کی خبر انتہائی افسوسناک اور تکلیف دہ ہے ۔ خداسے دعا ہے کہ وہ آنجہانی کی روح کو سکون اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی طاقت دے ۔ ہم اس مشکل وقت میں پورے خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔پارٹی نے واقعہ کو شرمناک قرار دیتے ہوئے اس کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ ‘ہمانی کے ساتھ پیش آنے والے اس ظالمانہ اور شرمناک واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات ہونی چاہیے اور مجرموں کو سخت سے سخت سزا ملنی چاہیے ۔قابل ذکر ہے کہ ہمانی روہتک چھوڑ کر کئی سالوں سے دہلی میں اپنی ماں اور چھوٹے بھائی کے ساتھ رہ رہی تھی، لیکن پچھلے کچھ مہینوں سے وہ روہتک کے وجے نگر میں اپنے آبائی گھر میں اکیلی رہ رہی تھی۔ہمانی کے بڑے بھائی کو تقریباً 12 سال قبل قتل کر دیا گیا تھا، جب کہ اس کے والد نے دس سال قبل خودکشی کر لی تھی۔ اس کے بعد اس کی ماں اس کے چھوٹے بھائی اور اسے لے کردہلی آگئی، لیکن وہ تقریباً چار پانچ ماہ سے روہتک میں اکیلی رہ رہی تھی۔ ہمانی کی لاش کا آج پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔ پولیس سی سی ٹی وی کیمروں کو اسکین کرکے معاملے کی جانچ کررہی ہے ۔