نیٹ سے ذہنی دباؤ کا شکار لڑکی کی امتحان سے عین قبل خودکشی
حیدرآباد۔ 21 جون (سیاست نیوز) نیٹ امتحان کے لئے تیاری کرنے والی ایک طالبہ نے امتحان سے عین ایک دن قبل پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔ یہ دردناک واقعہ میاں پور پولیس اسٹیشن حدود میں ہفتہ کو پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق 19 سالہ شیخ ثناء ساکن میاں پور نے سال 2025 میں نیٹ امتحان لکھا تھا لیکن وہ ناکام رہی اور دوبارہ جاریہ سال بھی وہ نیٹ امتحان لکھنے کے لئے تیاری کررہی تھی جس کے لئے اس نے طویل وقفہ کی کوچنگ بھی حاصل کی تھی۔ شیخ ثناء کے والدین کویت میں ملازمت کرتے ہیں اور وہ اپنے دو بہنوں کے ہمراہ میاں پور میں واقع ایک اپارٹمنٹ میں مقیم ہے۔ ہفتہ کی صبح طالبہ حسب معمول ناشتہ کرنے کے بعد اپنے کمرہ میں جا کر اندر سے دروازہ بند کرلیا تھا اور شام تک وہ باہر نہیں آئی جس پر اس کی بہنوں نے دروازہ کھولا جس کے نتیجہ میں انہوں نے شیخ ثناء کو چنی سے پھانسی پر لٹکا ہوا پایا۔ اس بات کی اطلاع فوری میاں پور پولیس کو دی گئی جس کے نتیجہ میں مقام واردات پر پولیس اور کلوز ٹیم پہنچ گئی جہاں پر ایک خودکش نوٹ بھی برآمد ہوا۔ متوفی طالبہ نے اپنے خودکش نوٹ میں یہ بتایا کہ اس کی موت کی ذمہ دار کوئی بھی نہیں ہیں اور وہ کسی کو بھی مطمئن نہیں کرسکی۔ خاندانی ذرائع نے پولیس کو بتایا کہ نیٹ امتحان میں کامیابی کے لئے شیخ ثناء فکرمند تھی اور ذہنی دباؤ کا شکار تھی۔ ب؍F
این آر آئی ڈاکٹر اور اس کی بہن کے خلاف مقدمہ درج
کرایہ کے قاتلوں کے ذریعہ قتل کروانے کی سازش کا الزام
حیدرآباد۔ 21 جون (سیاست نیوز) آئی ایس سدن پولیس نے ایک این آر آئی ڈاکٹر اور اس کی بہن کے خلاف کرائے کے قاتلوں کے ذریعہ ایک شخص کو قتل کرنے کی مبینہ سازش کا ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق 39 سالہ محمد حمید خاں ساکن سنتوش نگر جو پیشہ سے ریئل اسٹیٹ تاجر ہے نے آئی ایس سدن پولیس سے رجوع ہوکر اپنے بہنوئی سید صادق اللہ حسینی اور اس کی بہن اسماء کے خلاف یہ الزام عائد کیا کہ ان دونوں نے بالاپور پولیس اسٹیشن کے روڈی شیٹر فرحان سے رابطہ قائم کرتے ہوئے اس کے قتل کے لئے 25 لاکھ روپے کی پیشکش کی جس پر فرحان نے حمید خاں کو اس سازش سے آگاہ کیا۔ پولیس نے اس شکایت پر صادق اللہ حسینی اور اس کی بہن اسماء کے خلاف قتل کی سازش کا ایک مقدمہ درج کیا ہے اور ابتدائی تحقیقات میں یہ معلوم ہوا ہے کہ صالحہ اور اس کے شوہر صادق اللہ حسینی کے درمیان ملکیت کو لے کر تنازعہ چل رہا ہے جس کے بعد صادق اللہ حسینی نے ایک اور خاتون سے شادی کرکے برطانیہ منتقل ہوگیا۔ حمید خاں نے اس معاملہ کی یکسوئی کے لئے اپنی بہن صالحہ کی مدد کی جس پر صادق اللہ نے اپنے بہن کے ہمراہ یہ قتل کی سازش کا منصوبہ تیار کئے جانے کا الزام ہے۔ پولیس اس معاملہ کی تحقیقات کررہی ہے۔ ب؍F
بڑنگ پیٹ میں سڑک حادثہ کے بعد دھماکہ، مزدور ہلاک
حیدرآباد۔ 21 جون (سیاست نیوز) میرپیٹ پولیس اسٹیشن حدود میں واقع بڑنگ پیٹ میں اتوار کو ایک سڑک حادثہ پیش آیا جس میں نامعلوم اشیاء کے دھماکہ کے نتیجہ میں کولکتہ کا ایک مزدور ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابق 43 سالہ انوپ جس کا تعلق کولکتہ مغربی بنگال سے ہے بڑنگ پیٹ علاقہ میں وہ ایک مشکوک اشیاء کو ہاتھ لگانے پر دھماکہ ہوگیا۔ پولیس میرپیٹ نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔ ب؍F
سڑک پر لاپرواہی سے موٹر سائیکل چلانے والے نوجوانوں کیخلاف مقدمہ درج
حیدرآباد۔ 21 جون (سیاست نیوز) اُپل پولیس نے دو نوجوانوں کے خلاف ایک مقدمہ درج کرلیا ہے جنہوں نے ٹووہیلر کو انتہائی تیز رفتاری سے چلاتے ہوئے سڑکوں پر کرتب بازی کررہے تھے۔ پولیس نے بتایا کہ اُپل سری چیتنیہ کالج کے قریب دو نامعلوم نوجوانوں نے اتوار کو ایک موٹر سائیکل لاپرواہی سے چلاتے ہوئے سڑکوں پر کرتب بازی کررہے تھے۔ اُپل پولیس نے اس علاقہ میں ڈرون کے ذریعہ ٹریفک پر نظر رکھی ہوئی تھی جہاں پر یہ نوجوانوں کی کرتب بازی ریکارڈ ہوئی۔ نوجوانوں کی گاڑی کے نمبر کے ذریعہ پتہ لگایا گیا اور اس سلسلہ میں مقدمہ بھی درج کرلیا گیا۔ ب؍F
ایئرپورٹ پر مسافر سے لاکھوں روپئے مالیتی سگریٹس برآمد
شمس آباد 21 جون (سیاست نیوز) شمس آباد ایئرپورٹ میں کسٹمس عہدیداروں نے ایک مسافر کو حراست میں لیتے ہوئے اس کے قبضے سے چار لاکھ روپئے مالیتی سگریٹس برآمد کرلئے۔ تفصیلات کے مطابق شمس آباد ایئرپورٹ کو دبئی سے آنے والی ایک فلائیٹ کے مسافر کے لگیج کی تلاشی لینے پر اس کے لگیج سے چار لاکھ روپئے مالیتی سگریٹس برآمد ہوئے جس پر عہدیداروں نے اسے حراست میں لے لیا اور ایک مقدمہ درج کرلیا۔(ش؍V)