جرمن بزنس مین کی کٹی ہوئی نعش تھائی لینڈ میں فریزر سے برآمد

   

لندن: تھائی لینڈ میں جرمنی سے تعلق رکھنے والے ایک بزنس مین کی کٹی ہوئی نعش فریزر سے برآمد ہوئی ہے۔پولیس نے بتایا کہ جرمنی سے تعلق رکھنے والے لاپتہ بزنس مین کی نعش جنوبی تھائی لینڈ میں واقع ایک گھر سے برآمد ہوئی ہے جسے کاٹ کر فریزر میں چھپایا گیا تھا۔نونگ پرْو نامی قصبے کے پولیس چیف تاوی کدتھالینگ نے منگل کو بتایا کہ 62 برس کے ہانس پیٹر میک کی نعش پیر کی رات 11 بجے برآمد ہوئی۔ میک ایک ہفتے سے لاپتہ تھے۔پولیس چیف نے مزید بتایا کہ تفتیش کرنے والے اہلکاروں نے جرمن بزنس مین کی نعش اْس علاقہ میں نصب ویڈیو کیمروں کے ذریعے ڈھونڈی گئی۔انہوں نے اس بارے میں مزید کچھ نہیں بتایا، تاہم تھائی میڈیا پر چلنے والی تصاویر اور ویڈیو میں کالے ٹرک میں ڈالے گئے ایک فریزر کو دیکھا جا سکتا ہے جس کے ساتھ ایک شخص بیٹھا ہوا ہے۔ بزنس مین میک کو آخری مرتبہ جنوبی تھائی لینڈ کے ساحلی شہر پتایا میں مرسیڈیز چلاتے ہوئے دیکھا گیا۔اْن کے گھر والوں کی جانب سے اْن کی گمشدگی کے بارے میں اطلاع پر انعام رکھا گیا تھا۔
86 ہزار ڈالر انعام کا اعلان کیا گیا تھا۔جس گھر سے میک کی نعش برآمد ہوئی وہاں لوگوں کی بِھیڑ لگ گئی۔ اس گھر میں فرانزک ٹیموں کی جانب سے معائنہ کیا گیا ہے۔تھائی پی بی ایس ٹیلی وڑن پر نشر ہونے والی ویڈیو میں ماہرین کو گھر سے ملنے والے کچرے والے بیگ کو کھنگالتے دیکھا جا سکتا ہے۔ماہرین کو گھر سے کارڈلیس آری، دو ہیج کلپرز اور پلاسٹک کے دو بڑے رول ملے ہیں۔مقتول کی نعش کو پلاسٹک شیٹ میں ڈال کر گھر سے باہر لے جایا گیا۔مقامی میڈیا کے مطابق میک پتایا میں اپنی تھائی اہلیہ کے ساتھ رہائش پذیر تھے اور وہاں ریئل اسٹیٹ بروکر کا کام کرتے تھے۔ وہ کئی برسوں سے تھائی لینڈ میں رہائش پذیر تھے۔اْن کی مرسیڈیز ای 350 اتوار کے روز نونگ پرْو میں واقع ایک کونڈومینیم کے باہر پارک ہوئی ملی۔پولیس کے مطابق مقتول کی کار کی سیٹوں، ڈیش بورڈ، سٹیرنگ وِیل اور بقیہ جگہوں پر نشانات صاف کرنے والے محلول کا استعمال کیا گیا تھا۔پولیس چیف تاوی نے بتایا کہ میک کے بینک اکاؤںٹ سے بڑی رقم غائب ہے۔ اْن کے مطابق رقم کے غائب ہونے کا اْن کے قتل سے تعلق ہے۔انہوں نے اس معاملے پر مزید کچھ بتانے سے گریز کیا تاہم یہ معلومات دیں کہ تفتیش کار اس قتل کے مختلف پہلو دیکھ رہے ہیں اور جرمن اور تھائی شہریوں سے تفتیش کر رہے ہیں۔