جرمنی اور پولینڈ کو جوڑنے والی’کلچر ٹرین‘

   

برلن : برلن سے روکلاؤ تک یہ ٹرین سروس نقل و حمل کے ذرائع سے کچھ بڑھ کر ہی ہے۔ یہ ایک جامع ثقافتی پروگرام بھی پیش کرتی ہے۔ جرمن دارالحکومت برلن اور پولینڈ کے جنوب مغربی شہر روکلاؤ کے درمیان یہ کلچر ٹرین 2016 ء سے چل رہی ہے۔ دریائے اشپرے اور اوڈر پر قائم ان دو شہروں کے درمیان اس کا سفر ساڑھے چار گھنٹے پر محیط ہوتا ہے۔ دوران سفر مسافر مصنفین، موسیقاروں اور تخلیقی فنکاروں سے ملاقات کر سکتے ہیں اور ٹرین کے اندر موجود ایک لائبریری اور ایک مستقل نمائش سے بھی مستفید ہو سکتے ہیں۔ یہ منصوبہ اصل میں 6 ماہ کی مدت کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا، لیکن یہ اتنا کامیاب رہا کہ اسے پھر بند نہیں کیا گیا۔ روکلاؤ کے سابق میئر رفال ڈوٹکیوچ کا کہنا ہے کہ کلچر ٹرین کے اس انوکھے خیال کے پیچھے متحرک قوتوں میں سے ایک وہ خود بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد ثقافت کے شعبے میں جرمن دارالحکومت برلن اور ریاست برانڈنبرگ کے ساتھ پولینڈ کے تعاون کو فروغ دینا اور دونوں شہروں کے درمیان اْس ٹرین لنک کو بحال کرنا تھا جو دو سال پہلے منقطع ہو گیا تھا۔