جرمنی میں کوکین کے استعمال میں اضافہ

   

برلن : جرمن پولیس حکام کے مطابق گزشتہ ایک برس کے دوران ملک میں کوکین سے متعلق جرائم کی تعداد میں تقریباً پانچ فیصد اضافہ ہوا۔ پولیس کے مطابق جرمنی میں بھنگ کو قانونی حثیت دیے جانے کے بعد ان کے لیے مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔ جرائم کی تحقیقات کرنے والے وفاقی جرمن دفتر (بی کے اے) کے مطابق جرمنی میں ہارڈ ڈرگز کے استعمال میں عام اضافے کے رجحان کے ساتھ ساتھ کوکین کے استعمال میں اضافہ ہوا ہے۔ جرمن نیوز نیٹ ورک آر این ڈی کی طرف سے حال میں شائع کردہ ایک تبصرے میں بی کے اے کے سربراہ ہولگر میؤنش کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ جرمنی میں کوکین تیزی سے پھیل رہی ہے۔ میؤنش نے کہا کہ منشیات کی بین الاقوامی تجارت کی توجہ یورپ کی جانب جا رہی ہے کیونکہ ان کے بقول ”شمالی امریکہ کی مارکیٹ سیر ہو چکی ہے۔‘‘ جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کی جانب سے جاری کردہ جرمنی میں 2024 کے جرائم کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کوکین سے متعلق جرائم کی تعداد میں گزشتہ سال تقریباً پانچ فیصد اضافہ ہوا۔