برلن : ایران نے اپنے ہاں تعینات جرمنی کے دو سفارت کاروں کی ملک بدری کا حکم دے دیا ہے۔ تہران حکومت کی اس جوابی کارروائی سے قبل گزشتہ ہفتے جرمنی نے بھی اپنے ہاں تعینات دو ایرانی سفارت کاروں کو ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا تھا۔تہران سے چہارشنبہ یکم مارچ کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے کہا کہ دونوں جرمنی کے سفارت کاروں کی ملک بدری کا حکم جرمن حکومت کی طرف سے ‘ایران کے اندرونی اور عدلیہ سے متعلق معاملات میں مداخلت‘ کے بعد دیا گیا۔ادلے کا بدلہ کے طور پر کی گئی اس کارروائی سے قبل برلن حکومت نے ابھی چند روز پہلے ہی تہران میں ایک ایرانی نژاد جرمن شہری کو ملکی عدلیہ کی طرف سے سزائے موت کا حکم سنائے جانے کے بعد ایران کے دو سفارت کاروں کو جرمنی سے چلے جانے کے لیے کہہ دیا تھا۔ ایرانی سفارت کاروں کی ملک بدری کے فیصلے کے موقع پر جرمن چانسلر اولاف شولس نے کہا تھا، ”ایرانی حکومت ہر ممکنہ طریقے سے اپنے ہی عوام کے خلاف لڑ رہی ہے اور اس کی طرف سے انسانی حقوق کا کسی بھی طرح احترام نہیں کیا جاتا۔‘‘