جموں توی ایکسپریس میں مسافروں کو لوٹنے کا واقعہ

   

سون بھدر : ہتھیاروں سے لیس نقاب پوش بدمعاشوں نے ریاست جھارکھنڈ کے لاتیہار میں اڑیسہ کے سمبل پور سے جموں توی جانے والی جموں توی ایکسپریس ٹرین کے کوچ نمبر 09 پر چڑھ کر مسافروں کو لوٹ لیا۔ شرپسندوں کے حملے میں کئی مسافر شدید زخمی ہو گئے ۔ آر پی ایف ذرائع کے مطابق جموں توی ایکسپریس ٹرین نمبر 18309 ہفتہ کی صبح 11 بجے ریاست اڑیسہ کے سمبل پور اسٹیشن سے جموں توی کے لیے روانہ ہوئی۔ ٹرین رات 10:30 بجے ریاست جھارکھنڈ کے لاتیہار اسٹیشن پہنچی۔ جیسے ہی ٹرین لاتیہار اسٹیشن سے روانہ ہوئی، آٹھ سے دس مسلح نقاب پوش بدمعاش کوچ نمبر ایس۔09 میں سوار ہوئے اور مسافروں کو لوٹنا شروع کردیا۔ جب مسافروں نے احتجاج کیا تو بدمعاشوں نے انہیں مارا پیٹا اور دہشت زدہ کیا۔ بدمعاشوں نے بندوق کی نوک پر خواتین کے پہنے ہوئے طلائی زیورات اور نقدی لوٹ لی۔ تقریباً آدھے گھنٹے تک لوٹ مار کرنے کے بعد بدمعاش ٹرین سے بارواڈیا اسٹیشن پہنچنے سے پہلے ہی اتر گئے ۔