جموں میں سیلاب، رام بن میں ماں بیٹی غرقاب کئی گاڑیاں تباہ ،مندر سمیت متعدد عمارتوں کو نقصان

   

جموں: محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق چہارشنبہ اور جمعرات کی شب جموں صوبے میں شدید بارشیں ہوئیں جس وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی آنے کے باعث کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی ہے ۔ادھر ضلع رام بن کے مہاڑ علاقے میں بادل پھٹنے کے نتیجے میں ندی نالوں میں طغیانی آئی جس دوران ماں بیٹی کو پانی کے تیز بہاو نے بہا لیا۔معلوم ہوا ہے کہ رام بن میں تین مکانوں کو نقصان پہنچا جبکہ سیلابی ریلوں سے مٹھی جموں میں شیو مندر کو بھی نقصان پہنچا ہے ۔انتظامیہ نے لوگوں سے تلقین کی ہے کہ وہ ندی نالوں اور دریاں کے نزدیک جانے سے گریز کریں۔ جموں صوبے میں دوران شب طوفانی بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آئی۔محکمہ موسمیات کے ماہر فیضان کینگ نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران جموں شہر میں 189.9ملی میٹر بارشیں ریکارڈ کی گئی اور جس نے اگست میں ہونے والی بارشوں کے گذشتہ 24برسوں کے ریکارڈ کو پاش پاش کر دیا۔انہوں نے بتایا کہ 23 اگست 1996میں جموں میں 218.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے چوبیس گھنٹوں کے دوران جموں صوبے میں مزید بارشوں کا امکان ہے جس سے ندی نالوں میں پانی کی سطح میں مزید اضافہ کا امکان ہے ۔دریں اثنا یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے جموں سے اطلاع دی ہے کہ تیز بارشوں کے نتیجے میں جموں کے اکثر ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ جموں شہر کے گرونانک روڑ، بن تلات، ماڈل ٹاون گنگیال اور روپ نگر میں سیلابی پانی رہائشی بستیوں علاقوں میں گھس آیا ہے جس وجہ سے لوگ گھروں میں درماندہ ہو کررہ گئے ہیں۔