جموں: جموں وکشمیر کی انفرادیت، اجتماعیت اور وحدت قائم و دائم رکھنا نیشنل کانفرنس کا بنیادی منشور رہا ہے اور پارٹی اپنے ان اصولوں پر آج بھی ڈٹی ہوئی ہے یہی وجہ ہے کہ ہماری جماعت کیخلاف چاروں طرف سے سازشوں کے جال بُنے جارہے ہیں۔ ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفے ٰ کمال نے آج شیر کشمیر بھون جموں میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کمال نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کیخلاف روز اول سے ہی سازشیں رچائیں جارہی ہیں لیکن جموں وکشمیر کے عوام کی اس ہردلعزیز جماعت کوزیر کرنے کا ہر ایک حربہ ناکام ہوا ہے کیونکہ اس جماعت کو حقیقی معنوں میں تینوں خطوں کے عوام کی بے لوث حمایت حاصل ہے ۔ ڈاکٹر کمال نے کہا کہ جموں و کشمیر اس وقت ایک نازک دور سے گزر رہا ہے اور وقت کا تقاضا ہے کہ سب لوگ متحد ہوکر اپنے حقوق کی بحالی کیلئے لڑیں اور اس کیلئے نیشنل کانفرنس کی مضبوطی انتہائی لازمی ہے ۔