جن سنوائی میں پہنچے معذور کی طبیعت بگڑی ، ہاسپٹل لے جاتے وقت موت

   

شیوپوری،20نومبر(سیاست ڈاٹ کام)مدھیہ پردیش کے ضلع شیوپوری ضلع کے کریرا تحصیل ہیڈکوارٹر میں جن سنوائی کے لئے پہنچے ایک معذور کی طبیعت اچانک بگڑ گئی اور وہ چکر کھاکر گر پڑا۔اسے اسپتال لے جایا گیا،لیکن راستے میں اس نے دم توڑ دیا۔کریرا تحصیل ہیڈکوارٹر میں ایک دلت معذور آواس یوجنا کے تحت گھر بنانے کے لئے ملنے والی رقم پر لگائی گئی روک کو ہٹانے کی فریاد لے کر کل دوپہر جن سنوائی میں پہنچاتھا،لیکن جب اس کو ملنے والی رقم کی دوسری قسط پر روک نہیں ہٹائی گئی تو وہ تحصیل کے دفتر میں چکر کھاکر گر گیا،جسے تحصیل دار نے اپنے گاری میں کریرا اسپتال پہنچایا،جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔اس معاملے میں کریرا کے سب ڈیویژنل افسر ریوینیو اروندر باجپئی کا کہنا ہے کہ معذور کل اپنی درخواست لے کر ان کے پاس آیا تھا۔پردھانمنتری آواس یوجنا کے تحت ملنے والی رقم کا معاملہ تھا۔ اس کے بعد وہ کہا گیا یہ نہیں معلوم۔اس معاملے کی جانچ کروائی جائے گی۔گرام پنچایت سرسود کی سرپنچ رام للی اتر سنگھ لودھی کے مطابق سرسود میں رہنے والاجسراج جاٹو(40)معذور ہونے کے ساتھ ساتھ غریب بھی تھا۔اسے پردھانمنتری آواس یوجنا سے ایک مکان کی منظوری ملی تھی۔پہلی قسط ملنے کے بعد اس نے اپنے گھر کا کام شروع کردیاتھا،لیکن دوسری قسط اسے نہیں مل پائی۔اس کے لئے وہ افسروں اور عوام نمائندوں سے درخواست کرتا رہا۔