جنوبی ریاستوں کے مفادات کے تحفظ کیلئے قومی سطح پر جدوجہد کا اعلان

   

کمزور طبقات کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح، امبیڈکر جینتی تقاریب سے چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خطاب

حیدرآباد 14 اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے لوک سبھا حلقہ جات کی ازسرنو حد بندی سے جنوبی ریاستوں کو بھاری نقصان کا اندیشہ ظاہر کرتے ہوئے مرکزی حکومت کے فیصلہ کے خلاف طویل جدوجہد کی اپیل کی۔ اُنھوں نے کہاکہ حلقہ جات کی ازسرنو حد بندی اور نشستوں کی تعداد میں اضافہ کے لئے مرکزی حکومت نے جن اُصولوں کو اختیار کیا ہے وہ جنوبی ہند کے لئے نقصان دہ ہیں۔ دستور ہند کے معمار ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی 135 ویں جینتی کے موقع پر چیف منسٹر نے ٹینک بینڈ پر ڈاکٹر امبیڈکر کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اِس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہاکہ بی جے پی حکومت لوک سبھا نشستوں میں 50 فیصد اضافہ کے ذریعہ جنوبی ریاستوں کی نشستیں کم کرنے کی سازش کررہی ہے۔ وقت آچکا ہے کہ ہم متحد ہوکر جنوبی ریاستوں کے حقوق کے لئے جدوجہد کریں۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ مرکز کے اقدامات سے خواتین اور ایس سی، ایس ٹی طبقات کے ساتھ ناانصافی کا واضح طور پر اشارہ ملتا ہے اور مرکزی وزراء اِس سازش سے واقفیت کے باوجود خاموش ہیں۔ چیف منسٹر نے کہاکہ کانگریس کی عوامی حکومت دلتوں کی ترقی کو اولین ترجیح دیتی ہے۔ اُنھوں نے الزام عائد کیاکہ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں ڈاکٹر امبیڈکر کو خراج عقیدت پیش نہیں کیا گیا۔ سابق چیف منسٹر کے سی آر پر تنقید کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہاکہ اسمبلی اجلاس سے دوری اختیار کرتے ہوئے کے سی آر دلت طبقہ سے تعلق رکھنے والے اسپیکر کی توہین کررہے ہیں۔ اُنھوں نے سوال کیاکہ کیا دلت برادری سے تعلق رکھنے والے وزیر فینانس اور وزیر صحت کے عہدوں کے لئے اہلیت نہیں رکھتے؟ چیف منسٹر نے کہاکہ اُن کی حکومت نے ایسا ماحول پیدا کیا ہے جہاں دلتوں کی توہین کرنے والے آج اسمبلی میں اظہار خیال کے لئے دلت اسپیکر سے مائیک مانگنے پر مجبور ہیں۔ اُنھوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بی آر ایس کی دھوکہ دہی پر مبنی سیاست کو مسترد کردیں۔ اُنھوں نے کہاکہ بعض عناصر غریب طبقات کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کررہے ہیں۔ چیف منسٹر نے انقلابی گلوکار غدر اور عوامی شاعر اندے شری کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ تحریک میں پسماندہ طبقات کا اہم رول رہا۔ غدر نے اپنے گیتوں سے تحریک کو تقویت دی جبکہ اندے شری نے جئے جئے تلنگانہ کا ترانہ تحریر کیا۔ چیف منسٹر نے مہاتما گاندھی، ڈاکٹر امبیڈکر کو خراج پیش کرتے ہوئے کہاکہ گاندھی جی نے عدم تشدد کے ذریعہ جدوجہد آزادی کی قیادت کی جبکہ ڈاکٹر امبیڈکر نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔ مہاتما گاندھی اور امبیڈکر قوم کی 2 آنکھیں ہیں۔ چیف منسٹر نے کہاکہ غریبوں کی ترقی کے لئے حکومت نے ہاسٹلس میں ڈائیٹ چارجس میں اضافہ کیا ہے۔ ینگ انڈیا انٹیگریٹیڈ اسکولس اور تلنگانہ پبلک اسکولس قائم کئے جارہے ہیں تاکہ ذات پات کے فرق کو ختم کرتے ہوئے معیاری تعلیم فراہم کی جاسکے۔ اُنھوں نے کہاکہ اندرون 2 سال 4.5 لاکھ اندراماں مکانات منظور کئے گئے جن میں اکثریت دلت اور قبائیل کی ہے۔ حکومت کی جانب سے 87 فیصد سرکاری نوکریاں ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیتی طبقات کو فراہم کی گئیں۔ اُنھوں نے کہاکہ عوامی حکومت اور جمہوریت کے تحفظ کی ذمہ داری ہر کسی پر عائد ہوتی ہے۔ اِس موقع پر ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، ریاستی وزراء پونم پربھاکر، لکشمن کمار، جوپلی کرشنا راؤ اور کانگریس کے عوامی نمائندے موجود تھے۔i/k/1/V