جنوبی ہند کے کمبھ میلے میڈار م جاترا کا تلنگانہ میں آغاز

   

لاکھوں افراد کی شرکت، آر ٹی سی کی 6 ہزار خصوصی بسوں کا انتظام
حیدرآباد 21 فروری(سیاست نیوز) جنوبی ہند کے کمبھ میلے کے طورپر مشہور میڈارم جاترا کا آغاز ہوگیا ہے جس کیلئے تلنگانہ حکومت کی جانب سے بڑے پیمانہ پر انتظامات کئے گئے ہیں۔ یہ جاترا ہر دو سال میں ایک مرتبہ منعقد کی جاتی ہے جس میں لاکھوں قبائیلی وغیر قبائیلی شرکت کریں گے ۔ جاترا کو قبائیلی دیسی شراب،گُڑ، گوشت، چکن، بھیڑ بکری وبڑے جانورکے ساتھ مناتے ہیں۔ جاترا کیلئے 5 ہزار موبائل ٹائلٹس اورڈریسنگ روم بنائے گئے ہیں۔ 5 ہزار سے زائد پانی کے نل کی تنصیب عمل میں آئی۔ صفائی کیلئے ڈھائی ہزار صفائی ورکر جوتربیت یافتہ ہیں مقررکئے گئے ہیں۔ اشنان کے لئے گھاٹ پر خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ ہر دن چارہزارپانچ سوآرٹی سی بسیس مختلف علاقوں سے میڈارم پہونچیں گی۔ ٹی ایس آر ٹی سی کے مینجنگ ڈائرکٹر سجنار کے مطابق جاترا کے لئے 6 ہزار خصوصی بسیں چلائی جارہی ہیں جبکہ میڈارام جاترا کے مقام پر 51 اسٹاپس قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اضلاع عادل آباد، کریم نگر اور کھمم اور ورنگل سے بھاری تعداد لوگوں کی شرکت متوقع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جاترا کے لئے بھی مہالکشمی اسکیم پر عمل ہوگا۔ جاترا کے لئے بڑی تعداد میں بسیں چلانے کے باعث شہر کے مسافرین سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔ سیکوریٹی کے لئے دس ہزار پولیس مین متعین کئے گئے ہیں۔ سی سی ٹی وی کے علاوہ سوشل میڈیا کے ذریعہ بھی اس جاترا کااحاطہ کیاجارہا ہے ۔ جاترا میں ایک لاکھ سے زائد گاڑیوں کا آمد ہوگی۔