بارش کے دوران خواتین اور بچے بے گھر، کانگریس قائدین روہن ریڈی اور وجیا ریڈی کا احتجاج
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جولائی (سیاست نیوز) شہر کے جوبلی ہلز ڈیویژن کے حدود میں واقع امبیڈکر نگر میں آج صبح ریونیو عہدیداروں نے پولیس کی مدد سے غریبوں کی جھونپڑیوں اور مکانات کو منہدم کردیا ۔ ریونیو حکام کی اچانک کارروائی سے غریب خاندان سڑک پر آگئے ۔ مکینوں نے انہدامی کارروائی کی وجوہات کے بارے میں عہدیداروں سے دریافت کیا لیکن کوئی وضاحت کئے بغیر ہی انہدامی کارروائی انجام دی گئی اور غریبوں کو بارش کے دوران ہی بے گھر کردیا گیا ۔ عوام نے شکایت کی ہے کہ انہیں کوئی نوٹس تک نہیں دی گئی ۔ خواتین ، بچے اور ضعیف افراد بارش میں بے سہارا ہوگئے اور انہیں سر چھپانے کی جگہ میسر نہیں تھی۔ ریونیو حکام اراضی پر غیر مجاز قبضوں کا الزام عائد کر رہے ہیں۔ انہدامی کارروائی کی اطلاع ملنے پر کارپوریٹر وجیا ریڈی نے پہنچ کر سخت احتجاج کیا ۔ وجیا ریڈی کے علاوہ شیر لنگم پلی کے انچارج روہن ریڈی اپنے حامیوں کے ساتھ پہنچے اور متاثرین سے ملاقات کی ۔ انہوں نے بلدی حکام اور ریونیو عہدیداروں سے کارروائی کے خلاف احتجاج درج کرایا۔ روہن ریڈی نے متاثرین کی فوری بازآبادکاری اور انہیں معاوضہ دیئے جانے کا مطالبہ کیا ۔ وجیا ریڈی اور روہن ریڈی نے حامیوں کے ساتھ دھرنا منظم کیا ۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کو انصاف ملنے تک جدوجہد جاری رہے گی۔ ٹی آر ایس حکومت نے غریبوں کو ڈبل بیڈروم مکانات کی فراہمی کا وعدہ کیا ہے لیکن جھونپڑیوں میں مقیم غریبوں کو بے گھر کیا جارہا ہے۔ر