جوبلی ہلز کی ترقی بی آر ایس کے 10 سالہ دور میں نظر انداز : پونم پربھاکر

   

الیکشن سے عین قبل کے ٹی آر کی گوپی ناتھ سے ہمدردی مضحکہ خیز، کانگریس کی کامیابی یقینی
حیدرآباد ۔ 10 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ میں بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ کی تقریر کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے کہا کہ حیڈرا اور غیر قانونی تعمیرات کے انہدام کے بارے میں کے ٹی آر کا بیان مضحکہ خیز ہے ۔ انتخابات آتے ہی عوام کو بیر اور بریانی کا عادی بنانے کا کام کے ٹی آر اور بی آر ایس نے کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آنجہانی ایم گوپی ناتھ سے محبت کا اظہار کرنے والے کے ٹی آر اس بات کا جواب دیں کہ انہیں کابینہ میں شامل کیوں نہیں کیا گیا تھا ۔ انتخابات آتے ہی کے ٹی آر عوام کے درمیان نکلتے ہیں ۔ جوبلی ہلز کے ضمنی چناؤ میں عوام کی جانب سے بی آر ایس کو سبق سکھانا یقینی ہے اور کانگریس پارٹی کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں کامیابی کیلئے کے ٹی آر شہر کی ترقی کے بارے میں بلند بانگ دعوے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی آر کو اچانک گوپی ناتھ کے خاندان سے ہمدردی ہوچکی ہے۔ پونم پربھاکر نے سوال کیا کہ جوبلی ہلز میں بی آر ایس دور حکومت میں چنا سری سیلم یادو کا مکان کے ٹی آر نے کیوں منہدم کرایا تھا۔ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں جوبلی ہلز کی ترقی کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں بیر اور بریانی کلچر بی آر ایس کا شروع کردہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ جوبلی ہلز میں بی آر ایس کی کامیابی سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ برخلاف اس کے کانگریس کی کامیابی کی صورت میں ترقیاتی کام پورے ہوں گے۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ بی آر ایس قائدین لاکھ کوشش کرلیں جوبلی ہلز میں کانگریس کی کامیابی یقینی ہے۔1