کانگریس رکن اسمبلی جگا ریڈی کا الزام
حیدرآباد ۔6۔نومبر (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن اسمبلی جگا ریڈی نے دعویٰ کیا کہ اسمبلی انتخابات کانگریس کو 70 نشستوں پر کامیابی یقینی ہے۔ جگا ریڈی نے آج گاندھی بھون پہنچ کر بی فارم حاصل کیا اور میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 15 نومبر کے بعد کانگریس پارٹی کی رفتار تیز ہوجائے گی اور کوئی بھی طاقت اسے شکست نہیں دے سکتی۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کے پاس عوام سے کہنے کیلئے کچھ نہیں ہے ، لہذا پھر ایک مرتبہ تلنگانہ کے نام پر ووٹ حاصل کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نتائج کے بعد راہول گاندھی ، سونیا گاندھی اور ملکارجن کھرگے تمام قائدین سے رائے حاصل کرنے کے بعد چیف منسٹر کے بارے میں فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس قائدین کو شکست کا یقین ہوچکا ہے کیونکہ گاؤں گاؤں میں لوگ کانگریس کی کامیابی کا تذکرہ کر رہے ہیں۔ جگا ریڈی نے کہا کہ مجلس کی فلم صرف حیدرآباد میں چل پائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ مجلس ، بی جے پی اور بی آر ایس تینوں ایک ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی اور کے سی آر تلنگانہ میں کانگریس کو اقتدار سے روکنے کی سازش کر رہے ہیں۔ کانگریس قائدین کے خلاف انکم ٹیکس دھاؤں پر جگا ریڈی نے کہاکہ کانگریس کے پاس دولت نہیں ہے۔ اگر انکم ٹیکس عہدیدار میرے پاس آتے ہیں تو میں انہیں قرض کی فہرست حوالے کردوں گا اور آئی ٹی عہدیداروں کو مجھے پیسہ دے کر جانا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ اویسی برادرس نے مسلمانوں کیلئے کچھ نہیں کیا، جو بھی چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز ہوں اس کی تعریف کرنے کے علاوہ انہیں کچھ نہیں آتا۔ مسلمانوں کی ترقی اور بھلائی کیلئے اویسی نے کچھ نہیں کیا۔ جگا ریڈی نے کہاکہ مرنے کے بعد اپنے ساتھ کیا لے جائیں گے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ مجلس کے امیدواروں کو ناکام بنائیں اور کانگریس پارٹی مسلمانوں کی بھلائی کے اقدامات کرے گی۔