جھارکھنڈ میں چار پولیس ملازمین، بی جے پی لیڈر ہلاک

   

لاتیہار؍ کونڈا؍ میدینی نگر (جھارکھنڈ) ، 23 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) جھارکھنڈ اسمبلی کیلئے 30 نومبر کو پہلے مرحلے کی رائے دہی سے قبل لیفٹ ونگ کے انتہا پسندوں نے چار ریاستی پولیس ملازمین کو ضلع لاتیہار میں گولی مار کر ہلاک کردیا اور ضلع پلاماو میں ایک مقامی بی جے پی لیڈر کے بشمول دو افراد کو بھی گولی مار دی، پولیس نے آج یہ بات بتائی۔ باغیوں نے ضلع لوہار داگا میں دو سرکاری مشینوں کو نذر آتش بھی کیا۔ تمام تینوں اضلاع 30 نومبر کی پولنگ میں شامل ہیں۔ ایک پولیس عہدہ دار نے کہا کہ پولیس پرسونل پر گھات لگا کر حملہ جمعہ کی رات چنڈوا پولیس اسٹیشن حدود میں کیا گیا۔ اس حملے میں چار پولیس ملازمین ہلاک ہوئے۔ ایک ملازم حملے سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوا۔ ریاست میں انتخابی ماحول زوروں پر ہے۔