نئی دہلی: یوم جمہوریہ کے تقریب میں بنگال کی مجوزہ جھانکی کو خارج کئے جانے پر جاری ہنگامہ آرائی کے دوران مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کو خط لکھ کر بنگال کی تجویز کو مسترد کئے جانے کی وجوہات سے واقف کروایا ۔خیال رہے کہ ممتا بنرجی نے وزیر اعظم کو خط لکھ کر یوم جمہوریہ پریڈ کے دوران نیتا جی سبھاش چندر بوس کی زندگی پر جھانکی کے بارے میں فیصلے پر نظر ثانی کرنے کی اپیل کی تھی ۔ چیف منسٹر ٹاملناڈو ایم کے اسٹالن نے بھی خط لکھا تھا لیکن مرکز نے کسی کی نظر ثانی کی درخواست منظور نہیں کی۔وزارت دفاع کے ایک سینئر اہلکار کے حوالے سے یہ خبر آرہی ہے کہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو خط لکھ کر ٹیبلو کی منسوخی کی وجہ بتائی ہے ۔ اسی طرح ٹاملناڈو کی جھانکی کو بھی 26 جنوری کو ہونے والی پریڈ سے ہٹا دیا گیا ہے ۔ راجناتھ سنگھ نے ممتا اور سٹالن کو خط لکھ کر وجوہات سے واقف کروایا ۔