رانچی: جھارکھنڈ مکتی مورچہ کی راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ مہوا ماجی آج علی الصبح جھارکھنڈ کے لاتیہار ضلع کے ستبروا میں ما ں وشنوی فیولز کے پاس سڑک حادثہ میں زخمی ہوگئیں اور ان کے ہاتھ میں فریکچر ہوگیا۔ ماجی کے ساتھ ان کے 42 سالہ بیٹے سومبیت ماجی، ان کی بہو کریتی شریواستو ماجی اور ڈرائیور بھوپیندر کو بھی شدید چوٹیں آئیں۔ سبھی کو رانچی کے آرکڈ میں داخل کرایا گیا ہے ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ یہ تمام لوگ مہا کمبھ اسنا ن کے بعد رانچی واپس آ رہے تھے کہ لاتیہار کے ستبروا میں ان کی کار وہاں کھڑے ایک ٹرک سے ٹکرا گئی، تصادم اتنا زوردار تھا کہ کار کا اگلا حصہ پوری طرح سے تباہ ہو گیا۔واقعہ کے بعد لاتیہار پولیس نے فوری طور پر تمام زخمیوں کو 108 ایمبولینس کے ذریعے صدر اسپتال بھیجا جہاں پر ڈاکٹروں نے تمام لوگوں کو بہتر علاج کے لیے رانچی ریفر کر دیا۔ تمام کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے ۔