حیدرآباد۔/19 مارچ، ( سیاست نیوز) حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2025 کے ایسے عازمین حج جنہوں نے سفری اخراجات کی دو اقساط ادا کردی ہیں ان سے خواہش کی ہے کہ تیسری قسط 3 اپریل تک جمع کرادیں۔ حج کمیٹی آف انڈیا کے چیف ایگزیکیٹو آفیسر سی شاہنواز نے ریاستی حج کمیٹیوں کو سرکیولر جاری کرتے ہوئے سفری اخراجات کی تیسری قسط کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ امبارکیشن پوائنٹ کے اعتبار سے سفری اخراجات کو طئے کیا گیا ہے اور حیدرآباد سے روانہ ہونے والے عازمین حج کو تیسری قسط کے طور پر 58 ہزار روپئے ادا کرنے ہوں گے۔ حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ سے جملہ اخراجات 330300 روپئے طئے کئے گئے اور ابتدائی دو اقساط کے طور پر عازمین حج سے 272300 روپئے حاصل کئے گئے۔ تیسری قسط کے طور پر تلنگانہ کے عازمین حج کو 58 ہزار روپئے ادا کرنے ہوں گے۔ ایسے عازمین جنہوں نے قربانی کی ادائیگی کی ذمہ داری حج کمیٹی کے تحت کی ہے انہیں 16600 روپئے اضافی طور پر ادا کرنے ہوں گے۔ یہ رقم حج کمیٹی آف انڈیا کے اکاؤنٹ میں جمع کرائی جاسکتی ہے۔ عازمین حج سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائیٹ پر تیسری قسط کی طئے شدہ رقم کا جائزہ لیں۔ احمد آباد، اورنگ آباد، کالی کٹ، چینائی، کوچین، کنور، ممبئی اور ناگپور امبارکیشن پوائنٹس کے شیعہ عازمین جنہوں نے حج میقات کا تعین کیا ہے انہیں 5400 روپئے اضافی طور پر ادا کرنے ہوں گے۔ تیسری قسط کی ادائیگی کی آخری تاریخ 4 اپریل مقرر کی گئی ہے جبکہ توقع ہے کہ حج فلائیٹس کا 29 اپریل سے آغاز ہوگا۔ اگر عازمین مقررہ تاریخ میں بقایا جات ادا نہیں کریں گے تو انہیں سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔تلنگانہ حج کمیٹی کے ذریعہ حیدرآباد سے روانہ ہونے والے عازمین نے تیسری قسط کے طور پر بالغ افراد کو 58 ہزار روپئے جبکہ بچوں کو20650 روپئے ادا کرنے ہوں گے۔ قربانی کیلئے 16600 روپئے ادا کرنے ہوں گے۔ قربانی کی سہولت کے ساتھ فی عازم جملہ مصارف 346900 ہورہے ہیں اور قربانی کی سہولت کے ساتھ عازمین کو تیسری قسط کے طور پر جملہ 74600 ادا کرنے ہوں گے۔ قربانی کے بغیر جملہ مصارف 330300 ہوں گے اور ایسے عازمین کو 58 ہزار روپئے کی ادائیگی باقی رہے گی۔1