محمد اظہرالدین نے محکمہ جاتی جائزہ اجلاس منعقد کیا، حج کیمپ میں موثر سہولتیں، محکمہ جات میں بہتر تال میل کی ہدایت
حیدرآباد ۔22۔ اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے حج 2026 کیمپ اور عازمین حج کی روانگی کیلئے موثر انتظامات کو قطعیت دے دی ہے۔ وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین کی صدارت میں تمام اہم سرکاری محکمہ جات کے عہدیداروں کا اجلاس سکریٹریٹ میں منعقد ہوا۔ حج 2026 کیلئے تلنگانہ سے تقریباً 10,000 عازمین روانہ ہوں گے اور 4 مئی سے عازمین کے قافلوں کی روانگی کا آغاز ہوگا۔ وزیر اقلیتی بہبود نے عہدیداروں کو نقائص سے پاک انتظامات کی ہدایت دی اور کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے حج کیمپ کے علاوہ روانگی اور واپسی کے موقع پر بہتر انتظامات کی ہدایت دی ہے۔ اجلاس میں ٹمریز کے صدر محمد فہیم قریشی ، صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مولانا سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ ، صدرنشین وقف بورڈ عظمت اللہ حسینی ، صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن عبیداللہ کوتوال ، ایڈیشنل کمشنر پولیس حیدرآباد تفسیر اقبال ، سکریٹری اقلیتی بہبود بی شفیع اللہ ، اگزیکیٹیو آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی محمد اسد اللہ اور دوسروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں جن محکمہ جات کے عہدیداروں نے شرکت کی ، ان میں فلائی ناز ایر لائینس ، جی ایم آر ، کسٹمس ، امیگریشن ، سی آئی ایس ایف ، ایس بی آئی ، ڈائرکٹر آف پبلک ہیلت ، پولیس ، آر ٹی سی ، ٹرانسکو ، واٹر ورکس ، عمارات و شوارع ، ساؤتھ سنٹرل ریلوے اور دیگر محکمہ جات کے عہدیدار شامل ہیں۔ اجلاس میں حج کیمپ کے آغاز پر انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور عہدیداروں نے بتایا کہ حج کیمپ میں عازمین تمام ضروری امور کی تکمیل کرتے ہیں اور ان کا بیاگیج حج ہاؤز میں حاصل کرلیا جاتا ہے۔ بورڈنگ کارڈ کے ساتھ عازمین خصوصی بسوں کے ذریعہ حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ روانہ ہوں گے۔ وزیر اقلیتی بہبود نے گزشتہ سال سے بہتر انتظامات کی ہدایت دی۔ صدرنشین حج کمیٹی مولانا غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ اور سکریٹری اقلیتی بہبود نے انتظامات کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ تلنگانہ عازمین کے قافلے 4 تا 21 مئی فلائی ناز کی خصوصی پروازوں سے جدہ روانہ ہوں گے۔ حجاج کرام کے قافلوں کی 11 تا 26 جون مدینہ منورہ سے حیدرآباد واپسی ہوگی۔ وزیر اقلیتی بہبود نے حج کیمپ میں رہائش اور طعام کے موثر انتظامات کے علاوہ صحت و صفائی کا خیال رکھنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ عازمین کیلئے ہیلت کیمپ منعقد کیا جائے تاکہ سعودی عرب میں قیام کے دوران صحت کا تحفظ ہو۔ اظہرالدین نے خاتون عازمین کے لئے خصوصی انتظامات کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ قیام کے دوران 24 گھنٹے سیکوریٹی کے موثر انتظامات کئے جائیں ۔ انتظامات کے سلسلہ میں محکمہ جات کے درمیان بہتر تال میل کی ہدایت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی زیر قیادت تلنگانہ حکومت اقلیتوں کی بھلائی اور ترقی کے عہد کی پابند ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ 10 سے زائد ریاستوں کے عازمین نے روانگی کیلئے حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ کا انتخاب کیا ہے۔1/k