حج 2027ء کے مؤثر انتظامات کے لیے تلنگانہ حج کمیٹی کی تیاریاں

   

مولانا خسرو پاشاہ کی صدارت میں کمیٹی کا اجلاس، حج انسپکٹرس کی تعداد میں اضافہ کیلئے نمائندگی
حیدرآباد 6 اکٹوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کا اجلاس صدرنشین مولانا سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ کمیٹی کے ارکان رکن اسمبلی جعفر حسین معراج، صدرنشین وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی، ایکزیکٹیو آفیسر محمد اسد اللہ، مولانا تقی رضا، محمد مجیب الدین، مولانا الیاس احمد قاسمی، محمد لائق، ڈاکٹر سید اظہر علی اور دوسروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں حج 2026ء کے انتظامات کی ستائش کی گئی اور حج 2027ء کے لئے مؤثر انتظامات کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مولانا غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے کہاکہ 2025ء میں 300 عازمین پر ایک خادم الحجاج روانہ کیا جاتا رہا تاہم تلنگانہ حج کمیٹی کی نمائندگی پر 135 عازمین کے لئے ایک خادم الحجاج مقرر کیا گیا۔ حج کمیٹی 2026ء کے موقع پر شہر اور اضلاع کے عازمین حج کی تعداد کے اعتبار سے حج کمیٹی آف انڈیا سے نمائندگی کی جارہی ہے کہ 100 عازمین پر ایک حج انسپکٹر کا تقرر کیا جائے تاکہ عازمین کی بہتر رہنمائی ہوسکے۔ 2026ء میں فلائی ناس طیاروں کی خدمات حاصل کی گئی تھی، حج کیمپ 2027ء کے لئے سعودی ایئرلائنس کی خدمات کی فراہمی کے لئے حج کمیٹی آف انڈیا کو مکتوب روانہ کیا جارہا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ 2026ء حج کیمپ کے مؤثر انتظامات کی ہر گوشہ سے ستائش کی گئی اور وہ اِس سلسلہ میں تمام تنظیموں اور والینٹرس سے اظہار تشکر کرتے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ حج کمیٹی گزشتہ سال عازمین کو فراہم کردہ دستی گھڑیوں کی تجویز سے اختلاف کرتی ہے اور اِس سلسلہ میں متفقہ طور پر قرارداد منظور کی گئی۔ اُنھوں نے حج 2027ء کے منتخب عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ صحت کا خیال رکھیں اور حج کمیٹی کی ہدایات کی پابندی کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ حج کیمپ کے مؤثر انتظامات کے لئے ٹنڈرس طلب کئے جائیں گے۔ اُنھوں نے ہر فلائیٹ میں ایک عالم دین کی روانگی کے لئے حج کمیٹی آف انڈیا سے نمائندگی کی ہے۔ ایکزیکٹیو آفیسر محمد اسداللہ اور اسسٹنٹ ایکزیکٹیو آفیسر عرفان شریف نے ارکان کو تفصیلات سے واقف کرایا۔V/1/a/b