حجاب تنازعہ : اندورنی معاملات میں بیرونی مداخلت قابل قبول نہیں: وزارت خارجہ

,

   

نئی دہلی: کرناٹک میں چل رہے حجاب تنازعہ پر بیرون ملک سے رد عمل ظاہر کئے جانے کے بعد آج ہندوستان نے اپنا موقف پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اندرونی مسائل پر کسی خاص مقصد سے کئے تبصرے قابل قبول نہیں ہیں۔ دنیا بھر میں مذہبی آزادی پر نظر رکھنے اور اس پر رپورٹ کرنے والے امریکی حکومت کے ادارے عالمی ازادی مذہب (آئی آر ایف) نے حجاب مسئلہ پر کرناٹک حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ وزارت امور خارجہ نے کہاکہ ’’کرناٹک کے کچھ تعلیمی اداروں میں ڈریس کوڈ سے متعلق معاملہ کرناٹک ہائی کورٹ میں زیر غور ہے۔ ہمارے آئینی فریم ورک اور نظام کے علاوہ ہمارے جمہوری اقدار اور پالیسی اس طرح کے مسائل کو حل کرنے کے اہل ہیں۔ ہندوستان سے جو اچھی طرح واقف ہیں وہ اس حقیقت کا احترام کرتے ہیں۔ ہمارے اندرونی مسائل پر متحرک تبصرے خوش آئند نہیں ہیں۔‘‘کرناٹک تنازعہ کا حوالہ دیتے ہوئے آئی آر ایف کے سفیر راشد حسین نے ٹوئٹ کیا، ’’مذہبی آزادی میں کسی کو بھی مذہبی لباس کا انتخاب کرنے کی آزادی شامل ہے۔ ریاست کرناٹک کو اس بات کا تعین نہیں کرنا چاہیے۔ اسکولوں میں حجاب پر پابندی مذہبی آزادی کی خلاف ورزی ہے، یہ خواتین اور لڑکیوں کو بدنام اور پسماندہ کرتی ہے۔‘‘