خواتین کو موجودہ تعداد میں ہی تحفظ فراہم کرنے اپوزیشن کی وکالت ۔ ریاستوں کی نمائندگی کا توازن متاثر نہ کرنے پر زور
نئی دہلی۔ 28 نومبر (یواین آئی) لوک سبھا کا اجلاس پیر سے شروع ہونے کے ساتھ ہی خواتین کے ریزرویشن سے متعلق حدبندی بل پر حکمراں جماعت اور اپوزیشن کے درمیان سیاسی رسہ کشی عروج پر پہنچنے کا امکان ہے ۔ ایک طرف بی جے پی اس بل کو منظور کرانے پُراعتماد ہے ، وہیں انڈیا اتحاد کی قیادت میں اپوزیشن جماعتیں اپنی سابقہ یکجہتی برقرار رکھنے جدوجہد کرتی نظر آ رہی ہیں۔ لوک سبھا میں حدبندی بل پر پیر اور منگل کو جبکہ راجیہ سبھا میں بدھ اور جمعرات کو بحث ہوگی۔ تمام جماعتوں نے اپنے ارکان کو ایوان میں لازمی موجود رہنے وہپ جاری کر دیے ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے بلوں کی منظوری کا اعتماد ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کی شراکت داری بڑھانے کی جدوجہد کئی دہائیوں سے جاری ہے ۔ انہوں نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ملک کی 100 فیصد ناری شکتی کی دعائیں حکومت کے ساتھ ہیں اور حکومت پارلیمنٹ اور اسمبلیوں میں خواتین کی شراکت داری بڑھانے کی راہ میں آنے والی ہر رکاوٹ کو دور کرے گی۔ اپوزیشن جماعتوں کے انڈیا اتحاد نے حدبندی سے متعلق آئینی ترمیمی بل کی متحد ہو کر سخت مخالفت کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انڈیا اتحاد کے رہنماؤں کی ہفتہ کو یہاں ہوئی میٹنگ میں حکومت کے مجوزہ حدبندی سے متعلق آئینی ترمیمی بل کی متحدہ طور پر ڈٹ کر مخالفت کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) کے تمام اتحادیوں کے متحد رہنے اور انڈیا بلاک کے اہم جزو رہے ڈی ایم کے اور این سی پی (شرد پوار) کے بدلے موقف کو دیکھتے ہوئے حکومت اس بار بلوں کی منظوری کے معاملے پر پُراعتماد ہے ۔ لوک سبھا میں 22 ارکان والی ڈی ایم کے نے بلوں کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے ، جبکہ این سی پی نے شرائط کی بنیاد پر حمایت کی بات کہی ہے ۔ اس کے علاوہ تلنگانہ کی بی آر ایس نے کہا کہ اگر جنوبی ریاستوں کی نمائندگی میں کمی نہیں ہوتی ہے تو اسے اس بل کی حمایت میں کوئی مسئلہ نہیں ہے ۔ لوک سبھا میں چار ارکان والی وائی ایس آر کانگریس نے بھی بل کی حمایت کی ہے ۔ انڈیا اتحاد کا کہنا ہے کہ خواتین کا ریزرویشن فوری موجودہ لوک سبھا کی نشستوں کی بنیاد پر ہی نافذ کیا جائے اور حدبندی کے نام پر ریاستوں کے درمیان نمائندگی کا توازن تبدیل نہ کیا جائے ۔ اس کا کہنا ہے کہ لوک سبھا کی نشستیں بڑھانے کی تجویز میں ایس سی اور ایس ٹی کیلئے ریزرویشن اور ان کی سیاسی نمائندگی کے حوالے سے بل میں کوئی واضح التزام نہیں کیا گیا ہے۔