ریاست میں آئندہ حکومت بھی کانگریس کی ہوگی، ناگر کرنول میں پارٹی کارکنوں سے مہیش کمار گوڑ کا خطاب
حیدرآباد 7 اپریل (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے متحدہ محبوب نگر ضلع کے دورہ کے موقع پر ناگر کرنول میں سنگھٹن ابھیان مہم میں حصہ لیا۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے بنیادی سطح پر پارٹی کے استحکام کے لئے ملک بھر میں تنظیمی مہم کا آغاز کیا ہے۔ ضلع کانگریس کمیٹیوں اور بلاک کانگریس کمیٹیوں کی جانب سے اجلاس منعقد کرتے ہوئے عوام کو پارٹی سے قریب کرنے کی مساعی کی جارہی ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے اِس موقع پر ضلع کانگریس کمیٹی کے عہدیداروں اور ارکان عاملہ کو حلف دلایا۔ صدر ضلع کانگریس کمیٹی و رکن اسمبلی ومشی کرشنا نے صدارت کی۔ وزیر سیاحت جوپلی کرشنا راؤ کے علاوہ ارکان اسمبلی کے نارائن ریڈی، راج شیکھر ریڈی، رکن پارلیمنٹ ناگر کرنول ڈاکٹر ملو روی، اے آئی سی سی سکریٹری سچن ساونت، کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن سی ایچ ومشی چندریڈی اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تلنگانہ میں 10 برس کے بی آر ایس دور حکومت میں کارکنوں کی جدوجہد اور قربانیوں کے نتیجہ میں کانگریس پارٹی برسر اقتدار آئی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ 6 ضمانتوں پر عمل آوری اور فلاحی و ترقیاتی اسکیمات کے ذریعہ تلنگانہ ملک کی مثالی ریاست بن چکی ہے۔ کئی ریاستی حکومتوں نے تلنگانہ سے فلاحی اسکیمات کی تفصیلات حاصل کی ہیں کیوں کہ حکومتوں پر عوام کا دباؤ بڑھنے لگا ہے۔ اپوزیشن کو نشانہ بناتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہاکہ کے ٹی آر کو الزام تراشی اور جھوٹ کے معاملہ میں نوبل انعام دیا جاسکتا ہے۔ نیویارک کے کولمبیا بزنس اسکول میں کے ٹی آر نے تقریر کرتے ہوئے کالیشورم اور دیگر پراجکٹس کے بارے میں گمراہ کن دعویٰ کیا ہے۔ کالیشورم کے ذریعہ 45 لاکھ ایکر اراضی کو سیراب کرنے کا دعویٰ سراسر جھوٹ ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ میں بی آر ایس کا مکمل صفایا ہوچکا ہے اور کے سی آر عوامی زندگی سے عملاً دوری اختیار کرتے ہوئے فارم ہاؤز تک محدود ہوچکے ہیں۔ کے سی آر خاندان میں داخلی اختلافات عروج پر ہیں اور غیر قانونی طریقہ سے حاصل کردہ اثاثہ جات کی تقسیم پر اختلافات پیدا ہوئے۔ اُنھوں نے کہاکہ کرشنا اور گوداوری کے پانی کی تقسیم میں ناانصافی کے سبب تلنگانہ کے کئی اضلاع متاثر ہوئے لیکن 10 سالہ دور حکومت میں کے سی آر نے خاموشی اختیار کرلی۔ راہول گاندھی نے بھارت جوڑو یاترا کے ذریعہ ملک بھر میں سماجی انصاف کی مہم چھیڑ دی ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہاکہ بی جے پی کے الزامات پر عوام ہرگز بھروسہ نہیں کریں گے۔ اُنھوں نے دعویٰ کیاکہ تلنگانہ میں آئندہ حکومت کانگریس کی رہے گی اور پسماندہ طبقات کو 42 فیصد تحفظات کی فراہمی میں حکومت سنجیدہ ہے۔ 1؍A/b/V
صدر پردیش کانگریس نے متحدہ محبوب نگر ضلع کے تمام آبپاشی پراجکٹس کی عاجلانہ تکمیل کا تیقن دیا۔1؍A/b/V