حیدرآباد بنے گا عالمی AI کا سب سے بڑا مرکز، چیف منسٹر ریونت ریڈی کا دعویٰ

   

حکومت اور TCS Hyper Vault کے درمیان 70 ہزار کروڑ کا معاہدہ ۔ 7 ہزار ملازمتیں دستیاب ہوں گی

حیدرآباد : /5 ستمبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کی کانگریس حکومت نے انفارمیشن ٹکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں ایک اہم پیشرفت کی ہے ۔ حیدرآباد کے نام ایک اور عالمی سطح کی کامیابی درج کروادی ہے ۔ ہفتہ کو سکریٹریٹ میں چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی صدارت میں منعقدہ اعلیٰ سطحی تقریب کے دوران تلنگانہ حکومت اور آئی ٹی کی جوائنٹ TCS کی ذیلی کمپنی ہائپر والٹ کے درمیان حیدرآباد میں 250 ایکڑ سے زائد رقبے پر ملک کے سب سے جدید اور سب سے بڑے ایک گیگا واٹ (100 میگا واٹ) صلاحیت کے حامل AI ڈیٹا سنٹر کیمپس کے قیام کیلئے یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے گئے ۔ Hyper Vault اور اس کے عالمی شراکت دار اس منصوبے پر مجموعی طور پر 70 ہزار کروڑ روپئے کی ریکارڈ سرمایہ کاری کریں گے جس سے بالواسطہ اور بلاواسطہ 7 ہزار سے زائد اعلیٰ تیکنیکی و عملی ملازمتیں دستیاب ہوں گی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا کہ مصنوعی ذہانت ہر شعبہ میں اپنی جگہ بنا رہی ہے اور سب کچھ بدل رہا ہے ۔ لیکن AI کبھی بھی (بلیو کالر عملی و فنی) ملازمتوں کا نعم البدل نہیں بن سکتی ۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کی حکومت نے ریاست میں ینگ انڈیا اسکل یونیور سٹی کی بنیاد رکھی ہے تاکہ مقامی نوجوانوں کو عملی و تیکنیکی ملازمتوں کیلئے پہلے سے تربیت فراہم کی جاسکے ۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے دو انتہائی اہم اعلانات کئے ۔ انہوں نے کہا کہ کونگرا کلاں فیوچر سٹی تک بچھائی جانے والی عالمی معیار کی جدید ترین ریڈیل روڈ کو آنجہانی ’’ بھارت رتن‘ رتن ٹاٹا ‘‘ سے موسوم کیا جائے گا ۔ انہوں نے ٹاٹا انتظامیہ کو پراجکٹ کی تیز رفتار تعمیر کی ہدایت دیتے ہوئے /2 جون 2028 ء کو اس میگا ڈیٹا سنٹر کا افتتاح کرنے کی تجویز دی ۔ ریونت ریڈی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کی حکومت کا نشانہ 2037 ء تک تلنگانہ کو 1 ٹریلین ڈالر اور 2047ء تک 3 ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانا ہے جس کیلئے وہ مسلسل کام کررہے ہیں ۔ یہ معاہدہ جنوری 2026 ء میں ڈیووس کے ڈبلیو ای ایف اجلاس کے دوران طئے پائے ابتدائی خاکہ کا نتیجہ ہے جس کے تحت ملک کی 5 ریاستوں کو سخت مقابلے میں پچھاڑ کر تلنگانہ نے یہ باوقار پراجکٹ حاصل کیا ہے ۔ یہ جدید کیمپس اعلیٰ کمپیوٹینگ سسٹمس‘ مائع کولنگ ٹیکنالوجی ، گرین انرجی اور واٹر نیوٹرل ڈیزائن سے لیس ہوگا جس سے حیدرآباد دنیا بھر میں AI کا سب سے بڑا مرکز بن کر ابھرے گا ۔ 2